جاپان : شدید برفباری، نظام زندگی مفلوج ، شاہراہیں بند اور ٹرین سروس معطل

ٹوکیو(کشمیر ڈیجیٹل)جاپان میں موسم سرما کے غیر معمولی طاقتور طوفان اور شدید برفباری نے نظام مواصلات درہم برہم کردیا

شدید برفباری کے باعث ریلوے سروس معطل، شاہراہیں بند اور تقریباً 1400 افراد مختلف علاقوں میں محصور ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی

مزید یہ بھی پڑھیں:جاپان : شدید برفباری، نظام زندگی مفلوج ، شاہراہیں بند اور ٹرین سروس معطل

جبکہ سڑکوں پر برف جمع ہونے اور درخت گرنے سے کئی اہم راستے بند ہوگئے۔یہ صورتحال تین روزہ تعطیلات کے آخری روز پیدا ہوئی۔

جب شہری اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے اور سیاحتی مقامات کی سیر کے بعد گھروں کو واپس لوٹ رہے تھے۔

فوکوشیما صوبہ شدید متاثرہ علاقوں میں شامل ہے، جہاں بھاری اور گیلی برف کے باعث درخت گرنے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

کِتاشیوبارا گاؤں میں تقریباً 1400 مقامی افراد اور سیاح سڑکیں بند ہونے کے باعث عارضی طور پر محصور ہوگئے۔

متاثرہ علاقوں میں ہوٹلوں اور رہائشی مقامات تک رسائی بھی منقطع ، سڑکوں سے برف اور گرے ہوئے درخت ہٹانے کے بعد بیشتر راستے کھول دیئے گئے۔

انوواشیرو کے علاقے میں 21نومبر کی دوپہر تک 53 سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی، جو رواں موسم میں مرکزی جزیرے پر ابتدائی موسم سرما کی غیر معمولی برفباری میں شمار ہوتی ہے۔

20 نومبر کی رات آئزواواکاماتسو سے نوزاوا جانے والی دو بوگیوں پر مشتمل ٹرین کِتاکاتا اور یاماتو اسٹیشنوں کے درمیان پٹڑی پر گرے درخت سے ٹکرا گئی اگلی بوگی کا پہیہ پٹڑی سے اتر گیا۔

شدید برفباری کے باعث بنیتسو ویسٹ لائن سمیت متعدد ریلوے روٹس متاثر ہوئے۔خوش قسمتی سے ٹرین میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا اور ڈرائیور بھی محفوظ رہا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کراٹا فائٹر عدیل راجہ کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی، ایشین چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن

متاثرہ ریلوے سیکشن پر سروس 23 نومبر کی صبح بحال کردی گئی، تاہم دیگر روٹس پر بھی ٹرینوں کی منسوخی اور تاخیر جاری رہی۔

ہوکائیڈو میں بھی برفباری اور پھسلن کے باعث شاہراہوں پر متعدد گاڑیاں حادثات کا شکار ہوئیں۔

ڈوٹو ایکسپریس وے پر تقریباً 30 گاڑیاں چار گھنٹے تک پھنسی رہیں، جبکہ بعض علاقوں میں 15 سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی۔

موسمیاتی اداروں نے مزید برفباری، تیز ہواؤں، کم حد نگاہ اور سڑکوں پر پھسلن کا انتباہ جاری کردیا۔

شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم سرما کے ٹائروں کے استعمال کی ہدایت  جاری کردی گئی ہے

پہاڑی اور اندرونی علاقوں میں درجہ حرارت کم رہنے کے باعث برف پگھلنے کے بعد دوبارہ جمنے کا خطرہ برقرار ہے