اسلام آباد؛بھارتی حکومت نے ڈاکٹر غلام نبی فائی کی مقبوضہ کشمیر میں جائیداد کو بحق سرکار ضبط کرنے کی کارروائی کےبعد کشمیری تارکین وطن کے تین اور رہنمائوں کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی ہے۔
بھارت کی جانب سے جموں وکشمیر کونسل کے صدر ڈاکٹر سید نذیر گیلانی ،جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما ارشاد ملک اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما راجہ مظفر خان نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ہیں اور ان کی جائیدادوں کی تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے امریکہ میں مقیم کشمیری رہنما غلام نبی فائی کی اراضی ضبط کر لی
مقبوضہ کشمیر کی تحقیقاتی ایجنسی ایس ائی اے نے 22 دسمبر2025 کوڈپٹی کمشنر بارہمولہ کو ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ راجہ مظفر خان (سکنہ: ادوسہ، اوڑی، بارہمولہ) ڈاکٹر سید نذیر شاہ عرف ڈاکٹر سید نذیر گیلانی (سکنہ: جلشیری، بارہمولہ) ارشاد ملک (سکنہ: بونیار، بارہمولہ) بھارت کے خلاف مہم چلانے اور بھارتی خود مختاری کو نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں ان کا تعلق جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ یاسین ملک گروپ سے ہے ۔
ان کے خلاف تعزیراتِ ہند (IPC) کی دفعہ 505 اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے ایکٹ (UAPA) کی دفعات 13، 39 اور 40 کے تحت مقدمہ درج ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر نے بتایا ہے کہ ان کے خلاف عدالت سے ناقابلِ ضمانت وارنٹ (Non-Bailable Warrants) جاری ہو چکے ہیں، لیکن یہ افراد اپنی رہائش گاہوں پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں ہو سکے۔
مراسلے میں ڈپٹی کمشنر بارہمولہ سے کہا گیا ہے کہ ان تین افراد کے نام پر رجسٹرڈ تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد (Movable/Immovable property) کی تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیری سفیر ڈاکٹر فائی کی جائیداد ضبطی قابل مذمت ، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی
جموں وکشمیر کونسل کے صدر ڈاکٹر سید نذیر گیلانی ان دنوں اسلام آباد پاکستان میں مقیم ہیں کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت مجھے گرفتار نہیں کر سکتی اور نہ ہی قانونی طور پر میری جائیداد ضبط کر سکتی ہے
انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر بھارت کو ہماری جائیدادیں ضبط کرنے کا اختیار نہیں ہے ایسا کر کے بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کیے گئے عہد کی خلاف ورزی کرے گا۔




