حسبِ ہدایات افسرانِ بالا، چوکی پولیس جلال آباد نے ایک منظم اور دبنگ کارروائی کرتے ہوئے فراڈیوں کے بین الصوبائی گروہ کو گرفتار کر لیا۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق ملزمان نے جعلی پے آرڈر کے ذریعے بینک سے 60 لاکھ روپے کی بڑی رقم نکلوانے کی کوشش کی۔ بینک عملے کو مشکوک صورتحال کا احساس ہوا تو ملزمان موقع سے غائب ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر چوکی پولیس جلال آباد نے انتہائی حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا۔ اس کارروائی میں لیاقت حمید سب انسپکٹر انچارج، عظمت کمال تفتیشی افسر، محمد اسماعیل تفتیشی افسر، ملک فاروق ڈی ایف سی، آکاش انور کانسٹیبل، اور نعمان مغل انٹیلیجنس افسر شامل تھے۔ پولیس ٹیم نے رات گئے چوکی کوہالہ کے قریب کارروائی کی، جہاں ملزمان پاکستان کے علاقے میں فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کال فارورڈنگ فراڈ سب سے زیادہ خطرناک،آپ کا بینک اکائونٹ خالی کرسکتا ہے
چوکی افسر کوہالہ راجہ منیر کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کا تعلق فیصل آباد پاکستان، ضلع نیلم، ضلع جہلم ویلی، راولاکوٹ، کوہستان، سمر نالہ اور دیامر کے علاقوں سے بتایا گیا ہے۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ ملزمان اس سے قبل پاکستان کے مختلف شہروں میں فراڈ کے واقعات میں ملوث رہے ہیں اور پاکستان کے مختلف تھانوں میں پولیس کو مطلوب ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو حراست میں لے کر باقاعدہ تفتیش جاری ہے، جبکہ تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشافات کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران ڈی ایس پی سٹی مظفرآباد راجہ فیصل شفیق خان اور ایس ایس پی مظفرآباد لمحہ بہ لمحہ ملازمین کی رہنمائی کرتے رہے، جس کے نتیجے میں انتہائی مطلوب ملزمان کی گرفتاری ممکن ہو سکی۔
یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں ایزی پیسہ اور جیز کیش کے زریعےفراڈ کرنے والا ملزم گرفتار
یاد رہے کہ یہ کارروائی ہفتہ رواں کے دوران عمل میں لائی گئی، جس میں مختلف افسران اور اہلکاروں کی مربوط حکمتِ عملی کے تحت مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔




