نئی دہلی میں ہائی کمیشن کے باہر احتجاج ، دھمکیوں پر بنگلہ دیش نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرلیا

ڈھاکہ:بنگلہ دیش نے منگل کو بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن ، ہائی کمشنر کی رہائشگاہ کے باہر احتجاج ،ویزامرکز میں توڑ پھوڑ، ہائی کمشنر کو دھمکیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے باہرہندوئوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا ہے۔ یہ احتجاج ڈھاکہ میں ایک ہندو ورکر کے قتل کے خلاف کیا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کے مطابق بھارتی ہائی کمشنر کو 20 دسمبر کو بنگلہ دیش ہائی کمیشن اور نئی دہلی میں سفیر کی رہائش گاہ کے باہر افسوسناک واقعات کے ساتھ ساتھ 22 دسمبر کو سلیگوری میں بنگلہ دیش ویزا سینٹر میں توڑ پھوڑ پر شدید تشویش کا اظہار کرنے کے لیے طلب کیاگیا۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش :ایک اور نوجوان رہنما پر قاتلانہ حملہ، حالات مزید کشیدہ

وزارت خارجہ نے سفارتی اداروں کے خلاف تشدد اور دھمکیوں کی سوچی سمجھی کارروائی قرار دیا۔

بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف “سفارتی عملے کی حفاظت کو خطرے میں ڈالتی ہیں بلکہ باہمی احترام کے اصولوں اور امن اور رواداری کی اقدار کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔

بنگلہ دیش نے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش بھارتی حکومت سے توقع کرتا ہے کہ وہ سفارتی عملے اور اداروں کے وقار اور سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی بین الاقوامی اور سفارتی ذمہ داریوں کے مطابق فوری طور پر مناسب قدم اٹھائے گی۔

بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ہفتہ کی شام تقریباً 20 سے 25 مظاہرین نئی دہلی میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے سامنے جمع ہوئے ، بنگلہ دیش مخالف نعرے لگائے اور بنگلہ دیشی ہائی کمشنر کے خلاف دھمکیاں دیں۔

بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ نئی دہلی کا مظاہرہ20-25 نوجوانوں” پر مشتمل تھا جنہیں پولیس نے چند منٹوں کے بعد منتشر کر دیاتھا۔

بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ نے قبل ازیں ایک بیان میں کہاتھا کہ20 دسمبر کو نئی دہلی میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کی رہائش گاہ پر ہونے والا بلاجواز واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اسے گمراہ کن پروپیگنڈہ کے طور پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش:انڈین ہائی کمیشن بند، بھارت کیلئے ویزا سروس معطل

بھارتی مظاہرین بنگلہ دیش میں ایک ہندو ورکرز کےقتل کیخلاف احتجاج کررہے تھے ۔

یاد رہے کہ طالبعلم رہنما عثمان ہادی کے قتل کے بعد بنگلہ دیش اور بھارت کے سفارتی تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں۔

Scroll to Top