کراچی:سندھ کی میزبانی میں ہونے والے 35 ویں نیشنل گیمز دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی کی واضح سبقت کے ساتھ ختم ہوگئیں ،پاکستان آرمی نے اعزاز کا کامیاب سے دفاع کرتے ہوئے مسلسل 30ویں مرتبہ قائد اعظم ٹرافی جیت لی۔
نیشنل گیمز میں آزادکشمیر کا دستہ کوئی بھی گولڈ میڈل جیت سکا ہے نہ ہی سلور میڈل، صرف7 برانز میڈل کیساتھ ہی ان کا سفر تمام ہوگیا ہے۔
اختتامی تقریب ہفتہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی،اختتامی تقریب میں گیمز میں شریک 14 دستوں کے کھلاڑی اور آفیشلز کا مارج پاسٹ ہوگا اور وہ مہمان خصوصی کو سلامی دیں گے۔
بعد ازاں روایتی انداز میں گیمز کے اختتام کا اعلان کیا جائے گا۔اس موقع پررنگا رنگ تقریب کا بھی انعقاد ہوگا جبکہ آتش بازی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
پاکستان واپڈا رواں سال بھی گیمزمیں رنراپ رہی جبکہ پاکستان نیوی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
18 برس کے بعد سندھ کی میزبانی میں کراچی کے 26 مقامات پر ہونے والے گیمز کے 32 کھیلوں میں مجموعی طور پر 14 دستے شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: نیشنل گیمز، آزادکشمیر کے کھلاڑیوں کی انتہائی ناقص کارکردگی، آخری نمبر پر براجمان
ان میں سات محکمہ جاتی ادارے دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پی اے ایف، واپڈا، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان پولیس اور پاکستان ریلوے،چاروں صوبے میزبان سندھ پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ، گلگت و بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد شامل تھے۔
دریں اثنا گیمز میں ہفتہ کوبھی پاکستان آرمی نے اپنی برتری ثابت کی۔ بیس بال کے فائنل میں پاکستان آرمی نے واپڈا کو شکست دی، خیبر پختونخواہ نے تیسری پوزیشن پائی۔
پاکستان آرمی باکسنگ کے مرد اور خواتین مقابلوں میں 12 میڈلز جیتنے میں کامیاب رہی۔ دفاعی چیمپئن پاکستان آرمی نے مردوں اور خواتین مقابلوں میں مجموعی طور پر 12گولڈ میڈلز حاصل کیے۔
پاکستان آرمی نے مردوں کے مقابلوں میں پانچ گولڈ اور چار سلور میڈلز جبکہ خواتین مقابلوں میں سات گولڈ اور ایک سلور میڈلزکے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر کے جنرل ٹرافی جیتی۔
نیوی نے مردوں میں تین گولڈ،دو سلور اور دو برانز میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ واپڈا نے دو گولڈ،دو سلور اور تین برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
نیشنل گیمز میں آزادکشمیر کا 210رکنی دستہ شریک ہوا تھا اور صرف 7 برانز میڈل ہی جیت سکانہ کوئی سلور میڈل ملا نہ ہی گولڈمیڈل حاصل کر سکا ہے۔




