امریکہ جانیوالے سیاحوں کیلئے بھی سختی، 5 برس کی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہسٹری دینا ہوگی

امریکہ میں صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے ان ملکوں سے آنے والے سیاحوں پر بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس دکھانا لازمی قرار دینے کا منصوبہ بنایا ہے جن کو امریکی ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک سرکاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کی انتظامیہ ویزے سے مستثنیٰ غیرملکی سیاحوں کو ملک میں داخل ہونے سے قبل گزشتہ پانچ برس کی اپنی سوشل میڈیا ہسٹری ظاہر کرنے کا حکم دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ نے گولڈن ویزا متعارف کرادیا،خرچہ کتنا ہے اور طریقہ کار کیا ہے؟

فیڈرل رجسٹر میں شائع ہونے والے نوٹس میں دی گئی تجویز کا اطلاق برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اور جاپان سمیت 42 ممالک کے ان سیاحوں پر ہوگا جنہیں امریکہ میں داخلے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں۔

ان ممالک کے باشندوں کو امریکہ میں 90 دن سے کم قیام کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

اب تک رائج قواعد کے مطابق ان مسافروں کو اس سے چھوٹ کے لیے درخواست دینے کی ضرورت ہوتی ہے جس کو ’الیکٹرانک سسٹم فار ٹریول اتھارائزیشن‘ کہا جاتا ہے۔ ان ملکوں سے آنے والے سیاحوں کو چند ذاتی تفصیلات فراہم کرنا ہوتی ہیں۔

مجوزہ نئے قوانین کے تحت سوشل میڈیا ڈیٹا کا مجموعہ ’الیکٹرانک سسٹم فار ٹریول اتھارائزیشن‘ ایپلی کیشنز کا ’لازمی‘ حصہ بن جائے گا۔

نوٹس کے مطابق درخواست دہندگان کو گزشتہ پانچ برس کی اپنی سوشل میڈیا ہسٹری فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: بحرین نے پاکستانی شہریوں کے لیے گولڈن ویزا پروگرام آسان بنا دیا

انہیں دیگر ’ہائی ویلیو ڈیٹا فیلڈز‘ بھی جمع کرانا ہوں گی جن میں پچھلے پانچ برس میں استعمال کیے گئے فون نمبرز، پچھلی دہائی کے ای میل ایڈریس، فیملی ممبرز کی ذاتی تفصیلات اور بائیو میٹرک معلومات شامل ہیں۔

اس تجویز پر شہری اپنی رائے دے سکتے ہیں اور اس کے لیے 60 دن دئیے گئے ہیں۔ٹرمپ انتظامیہ نے امریکہ میں داخلے پر پابندیاں سخت کر دی ہیں۔ یہ امریکہ کی حکومت کی غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔

اگلے سال امریکہ اپنے پڑوسی ملکوں میکسیکو اور کینیڈا کے ساتھ 2026 فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا جس کے میچز کو دیکھنے کے لیے پوری دنیا سے فٹبال کے شائقین کی بڑی تعداد سیاحتی ویزے پر یہاں کا رُخ کرے گی۔

Scroll to Top