بیٹھک اعوان آباد (نمائندہ خصوصی) تحصیل بلوچ میں بدترین بجلی کی صورتحال نے کاروباری طبقے اور عام شہریوں کی زندگی مفلوج کر کے رکھ دی ہے۔
علاقے بھر میں دن کے اوقات میں بجلی کی بار بار آنکھ مچولی معمول بن چکی ہے، جس کے باعث نہ صرف گھریلو امور شدید متاثر ہو رہے ہیں بلکہ بجلی سے منسلک کاروبار بھی مکمل طور پر ٹھپ ہو چکے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل نےبھارت اورفیصل راٹھور نے شاہ غلام قادر کی چیخیں نکلوادیں،ارشد نیازی
شہریوں کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے بے حد مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔ کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث دکانیں اور ورکشاپیں بند رہتی ہیں جبکہ متبادل ذرائع پر اضافی اخراجات اٹھانا پڑ رہے ہیں۔
طلبہ کا بھی کہنا ہے کہ بجلی کی بار بار بندش تعلیم کے لیے درکار آن لائن سرگرمیوں اور تیاریوں میں بڑی رکاوٹ بن چکی ہے۔مقامی لوگوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکموں کا اس سنگین صورتحال کی جانب کوئی دھیان نہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان دوبارہ جھڑپیں شروع،تھائی فوجی ہلاک، 7زخمی
عوام کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر بجلی پیدا کرنے میں خود کفیل ہے اور یہاں بجلی کی پیداواری صلاحیت کئی سو میگاواٹ ہے، جبکہ پورے آزاد کشمیر کی ضرورت اس سے کہیں کم ہے۔
اس کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سمجھ سے بالاتر ہے۔اہلِ علاقہ نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔۔
بجلی کا سسٹم بہتر بنایا جائے اور صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے، تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہوں اور عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔




