جاپان نے چین سے باضابطہ احتجاج کیا ہے کیونکہ ایک چینی فوجی جیٹ نے جنوبی جزیرے اوکیناوا کے قریب جاپانی لڑاکا طیاروں پر اپنا ریڈار ’لاک‘ کر دیا۔ امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح اس وقت سامنے آیا جب چینی طیارہ بردار جہاز ’لیاؤنِنگ‘ سے اُڑنے والے ایک فوجی طیارے نے جاپانی جیٹ کو ریڈار پر ہدف بنایا۔ یہ واقعہ اُس موقع پر پیش آیا جب دونوں ممالک کے تعلقات میں جاپانی وزیراعظم سنائی تاکائیچی کے تائیوان سے متعلق ریمارکس کے باعث پہلے ہی کشیدگی موجود تھی۔
جاپان کی وزارت دفاع کے مطابق چین کے جے۔15 طیارے نے سنیچر کو دو مرتبہ جاپانی ایف۔15 طیاروں پر وقفے وقفے سے ریڈار لاک کیا۔ پہلے واقعے میں تقریباً تین منٹ تک جبکہ دوسرے میں تقریباً 30 منٹ تک ریڈار لاک برقرار رہا۔ اس صورتحال کا انکشاف اُن جاپانی طیاروں نے کیا جنہیں چین کی جانب سے ممکنہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کے پیش نظر بھیجا گیا تھا۔ تاہم وزارت دفاع نے واضح کیا کہ نہ تو جاپانی حدود کی خلاف ورزی ہوئی اور نہ ہی کسی قسم کے نقصان کی اطلاع ملی۔
یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ دونوں مواقع پر ریڈار لاک کرنے والا چینی طیارہ ایک ہی تھا یا زیادہ۔ جاپان کے وزیر دفاع شنجیرو کوئزومی نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چین سے اس واقعے پر سخت احتجاج کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ “انتہائی خطرناک عمل” ہے جو محفوظ فضائی آپریشن کے تقاضوں سے تجاوز کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ افسوس ناک ہے اور چین سے سخت حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ پر مستعفی ہونے کا دباؤ، اصل حقیقت کیا ہے ؟
چین کی حکومت نے واقعے پر فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ اس سے قبل چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے کہا تھا کہ چینی بحریہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق کام کرتی ہے اور اس کی سرگرمیوں کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چینی طیارہ بردار جہاز ’لیاؤنِنگ‘ اوکیناوا اور میاکو جزیرے کے درمیان سے گزرتے ہوئے بحرالکاہل میں مشقیں کر رہا تھا۔ جاپانی ایف۔15 طیارے محفوظ فاصلے سے چینی طیارے کی نگرانی کر رہے تھے اور کیوڈو نیوز کے مطابق ان کے اقدامات میں کوئی اشتعال انگیزی شامل نہیں تھی۔ ریڈار لاک کو انتہائی جارحانہ قدم سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس سے میزائل حملے کے امکان کا اشارہ ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھار ت ، دلہن نے رخصتی کے وقت ڈرائیونگ سیٹ سنبھال لی، ویڈیو وائرل
خیال کیا جاتا ہے کہ جاپانی اور چینی فوجی طیاروں کے درمیان ریڈار لاک کا یہ پہلا واقعہ ہے، تاہم 2013 میں ایک چینی جنگی جہاز نے جاپانی بحری جہاز پر ریڈار ہدف بنایا تھا۔ اسی دوران بحرالکاہل میں ایک اور واقعے میں فلپائن کے کوسٹ گارڈ نے دعویٰ کیا کہ جنوبی بحیرہ چین میں چینی فورسز نے ایک پیٹرولنگ طیارے کی جانب تین شعلے فائر کیے۔




