پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند، موٹرویز متعدد مقامات سے بند

لاہور: (کشمیر ڈیجیٹل) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث صورتحال غیر معمولی ہو گئی ہے اور موٹرویز متعدد مقامات سے بند کر دی گئی ہیں۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم-11 شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے جبکہ موٹروے ایم-2 کو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جانوں اور مال کا تحفظ ہے۔ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے روڈ یوزرز کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لین ڈسپلن پر عمل کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں سموگ اور دھند شدت اختیار کرگئی،اہم ایڈوائزری جاری

ترجمان نے شہریوں سے کہا کہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں کیونکہ دھند میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات میں سفر محفوظ رہتا ہے۔ ڈرائیور حضرات کے لیے ضروری ہے کہ وہ فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

مزید بتایا گیا کہ تیز رفتاری نہ کریں اور آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔ موٹروے پولیس نے کہا کہ رہنمائی اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر ،گلگت بلتستان میں بارش، برفباری کا امکان، محکمہ موسمیات

قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دھند کے دوران اضافی احتیاط کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔

پنجاب میں دھند کی شدت کے باعث موٹرویز اور شاہراہوں کی بندش کا سلسلہ جاری ہے اور عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکام کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محفوظ سفری انتظامات کریں۔

Scroll to Top