مظفر آباد:حکومت آزاد کشمیر نے چیف جسٹس ہائی کورٹ کی تحریک پر سیکرٹری قانون ، ڈسٹرکٹ وسیشن جج محمد سجاد کو چیئر مین آزادکشمیر سروس ٹریبونل تعینات کر دیا ہے جبکہ راجہ شفیق اللہ خان ایڈووکیٹ کوممبرتعینات کیا گیا ہے۔
محکمہ قانون،پالیمانی امور و انسانی حقوق سےجاری الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق چیئرمین وممبر کی تعیناتی3سال کیلئے کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کابینہ : طلباء یونین بحال، پراپرٹی ٹیکس میں کمی، بجلی بقایاجات معاف سمیت درجنوں منصوبوں کی منظوری
محمد سجاد با صلاحیت نظم وضبط کے پابند اور وسیع تجربے کے حامل قانون دان و ایڈ منسٹریٹر سمجھے جاتے ہیں۔
انہوں نے محکمہ قانون میں مختلف ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں اور عدالتی و انتظامی معاملات میں ہمیشہ میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو ترجیح دی۔
چیئرمین سروسز ٹریبونل کے طور پر ان کی تعیناتی سے توقع کی جارہی ہے کہ سرکاری ملازمین سے متعلق سروس میٹرز کے فیصلوں میں مزید شفافیت، جلدی اور موثر نظام سامنے آئے گا۔
عوامی و سرکاری حلقوں نے ان کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت کے فیصلے کو سراہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چیف الیکشن کمشنرآزادکشمیر کی تعیناتی جلد، انتخابات بروقت ہوں گے، وزیراعظم فیصل راٹھور
دوسری طرف سینئر قانون دان، سابق ممبر بار کونسل اور سابق صدر سماہنی بار راجہ شفیق اللہ خان ایڈووکیٹ کو آزاد جموں و کشمیر سروس ٹربیونل کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چیئرمین سروس ٹربیونل کی عدم تعیناتی کے باعث کئی ماہ سے ملازمین کے کیسز زیر التواء تھے اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
سابق دور حکومت میں چیئرمین سروس ٹربیونل کی تعیناتی نہیں ہوسکی تھی،سروس ٹربیونل میں ایک ہی خاتون جج خدمات سرانجام دے رہی ہیں دوسری طرف چیف الیکشن کمشنر اور ہائیکورٹ کے ججز کی اسامیاں بھی کئی ماہ سے خالی پڑی ہیں۔




