گوتم گمبھیر سے اختلافات: کوہلی کا میچ کھیلنے سے انکار

نئی دہلی (کشمیر ڈیجیٹل)بھارت کے اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے ملک کے اہم ترین ڈومیسٹک ٹورنامنٹ وجے ہزارے ٹرافی‘ کھیلنے سے انکار کر دیا۔

آسٹریلیا کے خلاف بارڈرگواسکر ٹرافی میں شکست کے بعد سے بی سی سی آئی، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر واضح کرچکے ہیں کہ سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل کھلاڑی انٹرنیشنل میچز سے فری ہوکر ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں حصہ لیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی گزشتہ دنوں ویرات کوہلی اور روہت شرما کو واضح کیا گیا تھا کہ قومی ٹیم میں رہنا ہے تو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں حصہ لو تاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کی ڈیمانڈز اور فٹنس کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔

تاہم بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے بی سی سی آئی کی ہدایت کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا ہے اور انہوں نے اس ماہ کے آخر میں شروع ہونے والی وجے ہزارے ٹرافی میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے اتوار کو جنوبی افریقا کے خلاف اپنی 52ویں ون ڈے سنچری اسکور کی تھی، لیکن اس کے باوجود انہوں نے ڈومیسٹک سطح پر کھیلنے سے معذرت کر لی ہے، جس کی وجہ سے کرکٹ بورڈ میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سپرسٹاررونالڈو کی دل کو چھولینے والی پیار بھری ویڈیو وائرل

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ روہت شرما تو وجے ہزارے ٹرافی میں ممبئی کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن ویرات کوہلی کے انکار کے بعد کوہلی کا ٹیم مینجمنٹ اور بی سی سی آئی سے ٹکراؤ کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور سینیئر بیٹرز ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان تعلقات میں تلخی پیدا ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ون ڈے ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دونوں سینیئر کھلاڑیوں کی واپسی ٹیم کے ماحول میں وہ گرمجوشی واپس نہیں لائی جو ٹیسٹ سیریز کے دوران نظر آئی تھی۔

ٹیم کے ہیڈ کوچ گمبھیر اور دونوں سینیئر کھلاڑیوں کے درمیان اعتماد اور بات چیت میں کمی آئی ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ کوہلی اور روہت کی جانب سے اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد سے ہیڈ کوچ اور سینیئر کھلاڑیوں کے تعلقات میں دراڑیں کھل کر سامنے آئی ہیں۔

Scroll to Top