چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا کی باعزت ریٹائرمنٹ کے موقع پر بعض سیاسی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے گمراہ کن اور من گھڑت بیانیہ پھیلانا شروع کر دیا ہے۔ دفاعی حلقوں کے مطابق یہ عناصر ماضی کی طرح ایک منظم سیاسی ایجنڈے کے تحت ملک میں بدامنی، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاک فوج 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں کو مکمل طور پر جھوٹی، بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے چکی ہیں۔ ملکی دفاعی ماہرین کے مطابق ملک مخالف عناصر پاک فوج کے اندرونی نظامِ کمانڈ کو سمجھنے سے قاصر ہیں اور جان بوجھ کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔
9 مئی 2023 کو جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مشتعل ہجوم نے ریاستی تنصیبات پر حملہ کیا، تو پاک فوج کا ردِعمل براہِ راست آرمی چیف کی واضح اور دوٹوک ہدایات کے مطابق آفیشل چین آف کمانڈ کے ذریعے عمل میں آیا۔ اس دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا ادارہ کسی قسم کی ادارہ جاتی یا آپریشنل ہدایات میں شامل نہیں تھا، کیونکہ یہ عہدہ نہ آرمی اور نہ کسی اور سروس میں آپریشنل معاملات میں کردار ادا کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کی پاکستان میں دراندازی کے پیچھے طالبان حکومت بڑی سہولت کار ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج نے زور دیا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس کے کردار سے متعلق کسی بھی قسم کا الزام یا اشارہ من گھڑت، حقائق سے عاری اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق ایسی سازشی کہانیاں صرف اداروں کو بدنام کرنے اور قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پروقار الوداعی تقریب
ماہرین نے عوام پر زور دیا کہ وہ صرف مستند ذرائع سے خبریں حاصل کریں اور کسی بھی قسم کے پروپیگنڈا یا سازشی مواد پر بھروسہ نہ کریں۔ ملکی دفاع اور امن و استحکام کے لیے تمام ادارے متحد اور سرگرم ہیں اور کسی بھی من گھڑت پروپیگنڈا کے سامنے نہیں جھکیں گے۔




