راولاکوٹ:سی ایم ایچ راولاکوٹ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب رات 12 بج کر 45 منٹ پر چائلڈ وارڈ اور لیبر روم میں آگ لگنے کا واقع پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 راولاکوٹ، میونسپل کارپوریشن کی فائر بریگیڈ گاڑیاں، ضلعی انتظامیہ اور پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئیں اور بھرپور کارروائی کے بعد آگ پر بروقت قابو پا لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: قاہرہ: اپارٹمنٹ میں آتشزدگی، چار بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق
واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔آگ لگنے کے فوری بعد سی ایم ایچ انتظامیہ ،پولیس اور ریسکیو اداروں نے چائلڈ وارڈ اور لیبر روم میں موجود مریضوں، بچوں اور خواتین کو بروقت اور بحفاظت متبادل وارڈز میں منتقل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق نے پوری ریسکیو کارروائی کی خود نگرانی کی۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور، وزیر خزانہ و انلینڈ ریونیو چوہدری قاسم مجید، مشیر حکومت سردار احمد صغیر سمیت اعلیٰ حکام مسلسل ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہے اور ریسکیو آپریشن سے متعلق لمحہ بہ لمحہ معلومات حاصل کرتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: مردہ قرار دی گئی خاتون تدفین سے کچھ لمحے پہلے دوبارہ اٹھ بیٹھ گئی
ریسکیو اداروں کے بروقت رسپانس اور مربوط کارروائی کے باعث بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔ آگ بجھانے کے بعد کولنگ اور بحالی کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں کہ آیا یہ آگ کیسے لگی۔




