دوحہ: ایشیا کپ رائزنگ اسٹار کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش ’اے‘ کو مات دے کر تیسری بار ایشین چیمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں واقع ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فیصلہ کن میچ کا نتیجہ سپر اوور میں طے ہوا ۔ پاکستان کے 125 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش ’’اے‘‘ بھی 20 اوورز میں 125 رنز ہی بنا سکا، یوں میچ برابر ہو گیا ۔
سپر اوور میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 رنز بنائے ۔ جواب میں پاکستان شاہینز نے صرف چار گیندوں پر ہدف عبور کر کے ٹورنامنٹ جیت لی ۔
اس سے قبل پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی خراب رہا۔ پہلی ہی گیند پر یاسر خان غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے ۔
صرف 2 کے مجموعے پر محمد فائق بھی پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد شاہینز کی بیٹنگ لائن مستحکم نہ رہ سکی اور وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ پوری ٹیم 20 وورز میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 ٹرائی سیریز: پاکستان نے زمبابوے کو 69رنز سے شکست دے دی
پاکستان کی جانب سے سعد مسعود نے 38، عرفات منہاس نے 25 جبکہ معاذ صداقت نے 23 رنز کی اننگز کھیلی ۔
بنگلہ دیش کے بولرز میں ریپون منڈول 3 وکٹوں کے ساتھ کامیاب ترین بولر رہے، جبکہ رقیب الحسن نے 2 شکار کیے۔ دیگر تین بولرز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز بھی دباؤ میں رہا۔ ٹاپ آرڈر کے جلد آؤٹ ہونے سے ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی ۔
53 کے مجموعے پر سات کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جیت تقریباً یقینی نظر آرہی تھی، مگر رقیب الحسن کے 24، عبدالغفار کے 16 اور ریپون منڈول کے 11 رنز نے ٹیم کو سپر اوور تک پہنچا دیا ۔
پاکستان کی جانب سے صفیان مقیم نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 11 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ احمد دانیال اور عرفات منہاس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔ معاذ صداقت اور سعد مسعود کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی ۔




