9 مئی کیس : یاسمین راشد کی ضمانت منظور،مچلکے جمع کروانے کا حکم

لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی)لاہور نے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کی 9 مئی کیس میں ضمانت منظور کر دی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنایا، پی ٹی آئی رہنما کی 9 مئی کے ایک مقدمے میں ضمانت منظور کی گئی۔

عدالت نے مغلپورہ میں پولیس گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں ضمانت منظور کی اور یاسمین راشد کو 1 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

اے ٹی سی نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی بنیاد پر ضمانت منظور کی ہے، عدالت عالیہ نے اعجاز چوہدری کی ضمانت منظور کی جبکہ عمر سرفراز چیمہ کی اس مقدمے میں ضمانت بھی اسی بنیاد پر منظور کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی،کونسلرز کاعوامی مینڈیٹ کا دفاع، بلدیاتی نظام بچانے کا اعلان

یاسمین راشد کی دیگر 3 مقدمات میں ضمانتوں پر سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ عسکری ٹاور اور جناح ہاؤس کے قریب پولیس گاڑیاں جلانے کے کیسز میں درخواستیں دائر ہیں۔

واضح رہے کہ ستمبر میں انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کیس میں یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، محمود الرشید، سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اے ٹی سی نے خدیجہ شاہ کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ روبینہ جمیل اور افشاں طارق کو مقدمے سے بری کر دیا تھا۔

عدالت نے 9 مئی کو سپریم کورٹ ججج کے اسکواڈ کی گاڑی جلانے کے مقدمے کا فیصلہ سنایا تھا جس میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا گیا تھا۔

مقدمے میں نامزد 12 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، مقدمے میں مجموعی طور پر 5 خواتین ملزمان بھی شامل ہیں۔

Scroll to Top