اسلامک یکجہتی گیمز،ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری اسلامک یکجہتی گیمز میں پاکستانی جیولن تھرو اسٹار ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایک اور گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے، اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں اولمپیئن ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی تھرو کر کے سونے کا تمغہ حاصل کیاجبکہ پاکستان کے ہی یاسر سلطان کانسی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 75.44 میٹر کا ہندسہ عبور کیا، دوسری باری میں ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی سب سے بڑی تھرو کر کے مقابلہ اپنے نام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: اولمپیئن ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی عائد

تیسری باری میں اولمپیئن نے 82.48 کی تھرو کی، چوتھی باری میں ارشد ندیم لمبی تھرو کرنے میں ناکام رہے جبکہ پانچویں باری میں فاؤل کی وجہ سے تھرو کو کاؤنٹ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم اس سے قبل اولمپکس، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں بھی میڈلز اپنے نام کرچکے ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ ارشد ندیم نے 8 اگست 2024 کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو کے ساتھ اولمپک ریکارڈ قائم کیاتھا۔

یہ بھی پڑھیں: قوم سے وعدہ ہے محنت کر کے کم بیک کروں گا ،ارشد ندیم کا پیغام

پاکستان نے ارشد ندیم کی بدولت 40 برسوں کے بعد اولمپک مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتاتھا جبکہ ارشد ندیم نے پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ انفرادی اولمپک گولڈ میڈل جیتنے کا بھی اعزاز حاصل کیاتھا۔

Scroll to Top