ڈونلڈ ٹرمپ

سعودی ولی عہد سے ملاقات،دنیا کو 8 بڑے بحرانوں سے بچایا :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر عالمی تنازعات میں اپنے کردار کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہو ں نے دنیا بھر میں کئی بڑی جنگیں روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ انہوں نے آٹھ جنگیں روک کر عالمی سطح پر بڑے بحرانوں سے دنیا کو بچایا ۔

صدر ٹرمپ نے خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی جانب توجہ دلائی اور کہا کہ یہ تنازعہ ایک بار پھر بڑی جنگ میں بدلنے کے قریب تھا ۔

انہوں نے کہا کہ میرے اقدامات کی بدولت دونوں ممالک اب مثبت اور تعمیری اقدامات کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ میرےدور میں ثالثی کے اقدامات نے عالمی امن کو فروغ دیا اور تنازعات کے حل میں مدد فراہم کی ۔

روس اور یوکرین کے تنازع پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ جنگ ختم کرنے میں وقت لگ رہا ہے لیکن ان کا ماننا ہے کہ اس محاذ پر بھی قریب مستقبل میں پیش رفت ممکن ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کا اعلان

ٹرمپ نے واضح کیا کہ عالمی سطح پر امن قائم رکھنے کے لیے مسلسل کوششیں ضروری ہیں اور انہیں امید ہے کہ مختلف ممالک کے درمیان مذاکرات کے ذریعے زیادہ دیر تک جاری رہنے والے تنازعات ختم کیے جا سکتے ہیں ۔

ٹرمپ کے یہ بیانات اس وقت سامنے آئے ہیں جب وہ دنیا بھر میں اپنے دور صدارت کے دوران کیے گئے عالمی تعلقات اور ثالثی کے اقدامات کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ان دعووں کی سچائی اور اثرات مختلف آراء کے تابع ہیں، تاہم صدر کا زور عالمی امن اور تنازعات کے حل میں امریکی کردار پر مرکوز رہا ۔

یہ ملاقات اور بیانات عالمی میڈیا میں بھی خاصی توجہ حاصل کر چکے ہیں، اور صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر اپنے آپ کو دنیا بھر میں تنازعات ختم کرنے والا ایک کلیدی فگر کے طور پر پیش کیا ۔

Scroll to Top