پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیم کے میدان میں ایک سنہری موقع ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے امریکا میں پی ایچ ڈی کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کے لیے درخواستیں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اسکالرشپس یو ایس پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت دستیاب ہیں اور پاکستانی ہونہار طلبہ کو عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم تک رسائی فراہم کرنے کا موقع دیتی ہیں۔
ایچ ای سی کے مطابق، یہ اسکالرشپس 100 سے زائد معتبر اور عالمی رینکنگ کی حامل امریکی یونیورسٹیوں میں دستیاب ہیں، جن میں سائنس، انجینئرنگ، سوشل سائنسز، ہیومینیٹیز اور مختلف جدید شعبوں میں تحقیق کے مواقع شامل ہیں۔ پروگرام نہ صرف معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرتا ہے بلکہ عالمی سطح پر تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے دروازے بھی کھولتا ہے، تاکہ پاکستانی طلبہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کامیابیاں حاصل کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا حلف برداری تقریب میں بھر پورخطاب
اسکالرشپ کے تحت منتخب امیدواروں کو جامع سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ٹاپ 50 یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے امیدواروں کو مکمل مالی معاونت دی جائے گی، جس میں مکمل ٹیوشن فیس، ماہانہ وظیفہ، ہیلتھ انشورنس اور ریسرچ کے اضافی مواقع شامل ہیں۔ 51 سے 100 رینک والی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے والے امیدوار بھی مالی معاونت کے مستحق ہوں گے اور انہیں سالانہ 12 ہزار امریکی ڈالر تک ٹیوشن سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: طلبہ کیلئے خوشخبری،چین نے بیچلرز، ایم ایس اور پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان کردیا
اس اقدام کا مقصد پاکستانی ہونہار طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سرگرمیوں تک رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ اسکالرشپ کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 اپریل 2026 ہے، اور طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی درخواستیں جلد از جلد تیار کریں تاکہ اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔




