پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیموں کی ویلیوایشن کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ پی ایس ایل ایڈیشن الیون کے لیے دو نئی ٹیموں کی شمولیت کی تیاریاں بھی تیز ہوچکی ہیں۔
پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائز ٹیموں کی ویلیوایشن کا عمل مکمل کرلیا ہے ۔ جس کے بعد اگلے ایڈیشن میں دو نئی ٹیموں کی فروخت کا ٹینڈر جلد شروع ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کے نئے معاہدے کی تیاریاں، 11ویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی
حکام کے مطابق ایک چارٹرڈ فرم نے دو نئی پی ایس ایل فرنچائزز کی ممکنہ قیمت کا تعین کر لیا ہے۔ ایڈیشن الیون سے قبل دونوں نئی ٹیموں کے مالکان کا انتخاب مکمل کر لیا جائے گا۔
نئی ٹیموں کے لیے جن شہروں کے نام زیرِ غور ہیں ان میں حیدرآباد، سیالکوٹ، مظفرآباد آزادکشمیر، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں تاہم حتمی فیصلہ ٹینڈر کی تکمیل کے بعد ہی کیا جائیگا۔
پی سی بی نے موجودہ فرنچائزز کو 10 سالہ تجدید کے ساتھ نئے معاہدوں کی باضابطہ پیشکش کر دی ہے اور انہیں مقررہ مدت میں اپنے فیصلے سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا پی ایس ایل کے 10 سال مکمل ہونے پر ڈاکیومنٹری بنانے کا فیصلہ
حکام کا کہنا ہے کہ بورڈ فرنچائزز کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر مضبوط تعلقات برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی ایس ایل کے مستقبل کو مستحکم بنانے اور لیگ کی توسیع کے لیے تمام ضروری مراحل تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔



