دوحہ:آئی بی ایس ایف ورلڈاسنوکر چیمپئن شپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والے پاکستان کے محمد آصف کوارٹر فائنل میں مات کھا کر مقابلے سے باہر ہو گئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق قطر کے شہر دوحا میں جاری آئی بی ایس عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کے پانچویں دن تمام پاکستانی کھلاڑیوں کا سفر تمام ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ گیمز اسنوکر : محمد آصف جرمن کھلاڑی کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے کوشاں تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن محمد آصف کوارٹر فائنل میں پولینڈ کے مائیکل سزوبرکزی سے سخت مقابلے کے بعد 3-4 فریم سے ہار گئے۔
محمد آصف نے پری کوارٹر فائنل میں انتہائی تجربے کار کھلاڑی ایران کے عامر سرکوش کو مات دی تھی۔
پاکستان کے اسجد اقبال بھی کوارٹر فائنل میں ناکامی سے دوچار ہوئے۔ان کو انگلینڈ کے ہاروی چینڈلر نے1-4 فریم سے زیر کیا۔ اسجد اقبال نے پری کوارٹر فائنل میں ہانگ کانگ کے چائو ہون مان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔
پاکستان کے عالمی انڈر 17 چیمپئن محمد حسنین اختر اور شاہد اقبال پہلے ہی چیمپئن شپ سے باہر ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں :بھارت کو شکست،پاکستان کے محمد آصف نے ماسٹر اسنوکر چمپئن شپ جیت لی
واضح رہے کہ بھارت کے معروف کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن پنگٹ ایڈوانی بھی پہلے ہی راؤنڈ میں شکست سے ہمکنار ہوئے تھے۔
یادرہےکہ محمد آصف نے مختلف بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ وہ امیچور آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کا تین بار فاتح رہے ہیں۔



