چیف جسٹس نے27 ویں ترمیم پر غور کیلئے فل کورٹ اجلاس بلا لیا

اسلام آباد، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے آج جمعہ کو فل کورٹ اجلاس بلالیا۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں 27ترمیم کے عدلیہ پر اثرات کے حوالے سے ججوں سے مشاورت کی جائے گی، فل کورٹ میٹنگ جمعےکی نماز کے بعد 2 بجے ہوگی۔

سپریم کورٹ کے تین ججز جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس صلاح الدین پنہور نے ستائیسویں آئینی ترمیم سے متعلق چیف جسٹس کو خطوط لکھے تھے۔

خط میں جسٹس صلاح الدین پنہور کا کہنا تھا کہ فل کورٹ میٹنگ بلا کر آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی ایکٹ ترمیمی بل منظوری کیلئے آج سینیٹ میں پیش ہوگا، ایجنڈا جاری

لا اینڈ جسٹس کمیشن اور عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کو بھی مشاورت میں شامل کیا جائے، ستائیس ویں ترمیم اختیارات کے توازن کو خراب کر سکتی ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے 2ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے مستفعی ہونے کے بعد فل کورٹ اجلاس اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے 27ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد استعفوں میں لکھا کہ 27ویں آئینی ترمیم آئین کیخلاف ہے، سپریم کورٹ کی آزادی ختم کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فل کورٹ اجلاس میں ججز سے مشاورت کے علاوہ دو ججز کے استعفوں کے معاملہ پر بھی زیرغور آسکتا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ حکومت کی طرف سے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کو حکومت کی طرف سے آئینی عدالت کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترمیمی بل منظور، چیف آف ڈیفنس فورسز کی مدت 5 سال ہوگی

 

Scroll to Top