غیرقانونی رہائش پذیر افغانیوں کی اطلاع دینے والے کو 10 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان

لاہور (کشمیر ڈیجیٹل)حکومت پنجاب نے شہریوں کیلئے انعامی اسکیم کا اعلان کردیا گیا ، جس کے تحت شہریوں کو فی کیس 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔

کارروائی ان افغان باشندوں کے خلاف کی جا رہی ہے جو بغیر قانونی دستاویزات کے رہائش پذیر یا کاروبار کر رہے ہیں اور جعلی شناختی کارڈ استعمال کر رہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پنجاب پولیس نے شہریوں کے لیے انعامی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی شخص کسی غیر قانونی افغان شہری کی اطلاع دے گا، اسے 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نادرا میں مختلف آسامیوں کا اعلان،آخری تاریخ سامنے آ گئی

پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔

اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ اطلاع دینے والے شہری کو فوری طور پر انعام کی رقم فراہم کی جائے۔

حکام نے کہا کہ یہ مہم ان مکان مالکان اور دکانداروں کے خلاف بھی ہے جو غیر قانونی افغان باشندوں کو کرایہ پر جگہ دے رہے ہیں۔

کارروائی صرف غیر قانونی مقیم افراد تک محدود نہیں بلکہ سیاحتی یا طبی ویزے پر پاکستان میں کاروبار کرنے والے افغان شہریوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی، ایسے افراد کی اطلاع دینے والے شہریوں کو بھی فی کیس 10 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں فعال کردار ادا کریں، پولیس کی جانب سے فوری کارروائی اور اطلاع دہندگان کے لیے مکمل رازداری کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے آغاز میں پاکستان میں افغان شہریوں کی گرفتاریوں میں 150 فیصد اضافہ ہوا، حالیہ دنوں میں 7 ہزار 764 افغان باشندے گرفتار کیے گئے، جن میں زیادہ تر کا تعلق چاغی، اٹک اور کوئٹہ سے ہے۔

اسی دوران افغانستان واپس جانے والے اور ملک بدر کیے گئے افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھی، جو 37 ہزار 448 تک پہنچ گئی، ان میں سے 47 فیصد پاس آف رجسٹریشن (PoR) کارڈ ہولڈر، 44 فیصد بغیر دستاویزات اور 93 فیصد ڈی پورٹی افراد غیر قانونی تھے۔

Scroll to Top