تینوں مسلح افواج کے لیےقومی اسمبلی نئے ضابطوں کی منظوری دے گی

اسلام آباد: قومی اسمبلی کل (جمعہ) تینوں افواج کے لیے نئے قواعد و ضوابط سے متعلق قانون سازی پر بحث کرے گی اور قانون کی منظوری دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی نے بدھ کے روز 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ کل ایوان کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے سے قبل تینوں افواج یعنی بری، بحری اور فضائیہ کے لیے نئے قواعد و ضوابط سے متعلق قانون سازی پر غور کیا جائے گا اور منظوری دی جائے گی۔ یہ قانون سازی حالیہ ترمیم شدہ آئین کے آرٹیکل 243 کے مطابق ہوگی۔

باوثوق پارلیمانی ذرائع کے مطابق ترمیم شدہ آئین میں درج ہے کہ وزیرِاعظم، چیف آف آرمی اسٹاف (جو ساتھ ہی چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے) کی سفارش پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ کا تقرر کریں گے۔

اس کے ساتھ ہی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ 27 نومبر 2025 سے ختم کردیا جائے گا۔ ترمیم کے تحت چیف آف آرمی اسٹاف (بطور چیف آف ڈیفنس فورسز)، چیف آف ایئر اسٹاف اور چیف آف نیول اسٹاف کے تقرر وزیراعظم کی سفارش پر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: دھماکہ دلی میں چھاپے کشمیر میں کیوں؟محبوبہ مفتی کا کشمیری ڈاکٹروں کو ملوث کرنے پر اظہار تشویش

ذرائع کے مطابق جن افسران کو فیلڈ مارشل، مارشل آف دی ایئر فورس یا ایڈمرل آف دی فلیٹ کے عہدے پر ترقی دی جائے گی، وہ اپنی وردی، مراعات اور مرتبہ تاحیات برقرار رکھیں گے، جبکہ ان کی آئندہ ذمہ داریاں وفاقی حکومت طے کرے گی۔

ترمیم شدہ آئین کے تحت یہ اعلیٰ فوجی عہدے آئینی تحفظ حاصل کریں گے اور انہیں صرف آرٹیکل 47 کے طریقہ کار کے مطابق ہٹایا جا سکے گا، جبکہ آرٹیکل 248 کے تحت صدرِ مملکت کو حاصل استثنا اب ان افسران تک بھی بڑھا دیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ نئی قانون سازی پارلیمنٹ کے ایکٹ کے ذریعے کی جائے گی تاکہ تینوں افواج کے نظام میں عملی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

اسی دوران یہ بھی بتایا گیا کہ پاک فضائیہ کے موجودہ سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی خدمات کے اعتراف میں انہیں مزید پانچ سال کے لیے دوبارہ تعینات کیا جائے گا، اور ان کی نئی مدتِ تقرری مارچ اگلے سال سے شروع ہوگی۔ ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو نے 19 مارچ 2021 کو کمان سنبھالی تھی اور مارچ 2024 میں انہیں ایک سال کی توسیع دی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق مئی 2025 میں بھارت کے ساتھ جنگ میں شاندار قیادت کے باعث ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کو مارشل آف دی ایئر فورس (MAF) کا اعزازی درجہ دینے کی تجویز زیرِ غور ہے، اور وہ اس اعزاز کے حامل پہلے چیف آف ایئر اسٹاف ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈا نے بین الاقوامی گریجویٹ اسٹوڈنٹس کے اسٹڈی پرمٹ قوانین آسان کر دیے

اسی طرح، پاکستان آرمی میں بھی جلد ہی دو مزید فور اسٹار جنرلز تعینات کیے جائیں گے، جن میں ایک کو وائس چیف آف آرمی اسٹاف (VCAS) اور دوسرے کو کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ مقرر کیا جائے گا، جبکہ دونوں عہدے چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ماتحت ہوں گے۔

Scroll to Top