اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے واضح کردیا کہ اسلام آباد اور وانا واقعے کی تحقیقات ہوگی، جو بھی دہشتگردی میں ملوث ہوا اس کو دنیا کے سامنے بےنقاب کریں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے وانا کیڈٹ کالج پر حملہ آور دہشت گروں کے خلاف کامیاب آپریشن پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیاہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ یہ مشکل اور حساس آپریشن تھا، اے پی ایس سے بھی دس گنا بڑا واقعہ ہوسکتا تھا، بڑی مہارت سے طلبا کی جانیں بچائی گئی ہیں۔
550 طلبا کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا گیا ہے، یہ بہت بڑی کامیابی ہے، کامیاب آپریشن پرافواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آبادخودکش حملہ کی مذمت،ملزمان کوکٹہرے میں لایا جائے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں بھارت اور افغانستان سے جنگیں جیتی ہیں، ہمارا ایک ہی مطالبہ رہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو اور افغانستان سے دہشتگردوں کی سہولت کاری بند ہو۔
عطا تارڑ نے کہا کہ اسلام آباد اور وانا واقعے کی تحقیقات ہوگی،ٹھوس شواہد دوست ممالک اوربین الاقوامی فورمز کے ساتھ شیئرکیےجائیں گے۔
دہشت گرد واقعات کے مزید شواہد کے بعد لائحہ عمل بنایاجائے گا، جوبھی ملوث ہوا اس کو دنیا کے سامنے بےنقاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا وانا کیڈٹ کالج میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن عالمی سطح پر اس طرح کی کارروائیوں کے لیے ایک نمونہ بن جائے گا، یہ آپریشن دنیا کی ملٹری اکیڈمیز میں پڑھایا جائے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں اور حکومت دہشت گردوں کا خاتمہ کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: جارحیت کا وار خالی نہیں جانے دینگے، وزیر دفاع نے افغانستان میں کارروائی کا عندیہ دیدیا
اس آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں کی کارروائیوں کا قلع قمع کرنے کے عزم کو ظاہر کیا گیا ہے، اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔
انہوں نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی جرات کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ اس آپریشن نے نہ صرف پاکستان کی فوج کی صلاحیتوں کو ثابت کیا بلکہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے حکومت کا عزم بھی واضح کر دیا۔




