ایلون مسک: جہازوں اور لگژری گاڑیوں کے مالک مگر 50 ہزار ڈالر کے گھر میں رہائش

ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کئی برسوں سے دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہوتے ہیں۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ان کی دولت 500 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے باوجود ان کی طرزِ زندگی سادہ ہے اور وہ کسی پرتعیش گھر میں نہیں رہتے۔

مسک کے مطابق وہ ٹیکساس میں صرف 50 ہزار ڈالر مالیت کے ایک چھوٹے گھر میں رہائش پذیر ہیں۔ سنہ 2021 میں انھوں نے یہ بات خود ایک انٹرویو میں کہی تھی۔ ان کی سابق پارٹنر گرائمز نے بھی سنہ 2022 میں وینیٹی فیئر کو بتایا تھا کہ لوگوں کے خیال کے برعکس ایلون مسک کی زندگی شاہانہ نہیں بلکہ نہایت سادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں جدید اسلحے کی غیرقانونی ترسیل سے خطے کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں،پاکستان

گرائمز کے مطابق، مسک بعض اوقات “غربت کی لکیر کے نیچے” زندگی گزارتے ہیں۔ انھوں نے انکشاف کیا کہ ایک بار میٹریس میں سوراخ ہونے کے باوجود مسک نے نیا گدا لینے سے انکار کر دیا تھا۔

تاہم یہ بات بھی حقیقت ہے کہ ایلون مسک کو منفرد اور نایاب کاروں سے گہرا شوق ہے۔ ان کے پاس ایک ایسی گاڑی بھی موجود ہے جو آبدوز کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ اسی طرح ان کے ذاتی جہازوں کی کلیکشن بھی لاکھوں ڈالر کی مالیت رکھتی ہے۔

سنہ 2022 میں انھوں نے 44 ارب ڈالر کی خطیر رقم کے عوض سماجی رابطے کی ایپ ٹوئٹر خریدی تھی، جس کا نام اب “ایکس” رکھا جا چکا ہے۔

عالیشان بنگلوں کی فروخت:

ایلون مسک نے اپنی جائیدادوں کے معاملے میں بھی غیر معمولی فیصلے کیے۔ وال سٹریٹ جرنل کی 2019 کی رپورٹ کے مطابق مسک نے کیلیفورنیا کے پوش علاقے بیل ایئر میں سات گھروں پر تقریباً 100 ملین ڈالر خرچ کیے تھے۔ ان بنگلوں میں سوئمنگ پولز، ٹینس کورٹ، وائن سیلر، لائبریری اور ایک بال روم بھی شامل تھے۔

ان میں سے ایک رینچ ہاؤس ایسا تھا جو کبھی “ولی وونکا” فلم میں کام کرنے والے اداکار جین وائلڈر کی ملکیت رہا تھا۔ بعد ازاں مسک نے اپنی تمام لگژری پراپرٹیز فروخت کر دیں، یہ کہہ کر کہ وہ اپنی دولت مادی اشیاء میں قید نہیں رکھنا چاہتے۔

یہ بھی پڑھیں: حج واجبات کی دوسری قسط کی ادائیگی کیلئے 15 نومبر کی ڈیڈلائن مقرر

ایلون مسک کی یہ زندگی بیک وقت تضاد اور انفرادیت کا مظہر ہے — ایک طرف دنیا کی سب سے بڑی دولت، دوسری جانب سادگی اور کم خرچ طرزِ زندگی۔

Scroll to Top