اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے سرکاری سکیم کے حج 2026 کے درخواست گزاروں سے کہا ہے کہ حج واجبات کے بنیادی پیکیج کی دوسری قسط 6 لاکھ 50 ہزار روپے جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 نومبر مقرر کردی گئی ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اضافی سہولیات مثلا 2 بیڈ الگ کمرہ منتخب کرنے والے درخواست گزاروں کو دوسری قسط کے ساتھ 2 لاکھ روپے فی کس اضافی جمع کرانا ہوں گے ۔
یہ بھی پڑھیں: حج انتظامات میں انقلابی قدم،ڈرونز کے ذریعے ادویات سپلائی ہونگی
3 بیڈ الگ کمرہ منتخب کرنے والے درخواست گزاروں کو 67 ہزار روپے فی کس اضافی جمع کرانا ہوں گے۔ 4 تا 6 افراد فیملی روم یا شیئرنگ روم کے لئے کوئی اضافی اخراجات نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو تاکید کی جاتی ہے کہ بینک میں دوسری قسط جمع کراتے وقت پیکیج کی تفصیلات اچھی طرح سمجھ لیں اور اس کے مطابق واجبات جمع کرائیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر کسی درخواست گزار فیملی کو 2 بیڈ الگ کمرہ یا 3بیڈ الگ کمرہ درکار ہے تو اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور بینک سے اپنا پیکیج تبدیل کرا کر اضافی رقم جمع کرا دیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیمارافراد کیلئے حج کرنا ممنوع قرار،سعودی حکومت کی سخت پابندی عائد
یاد رہے کہ بعد میں یا سعودی عرب پہنچ کر حج پیکیج کی تبدیلی ممکن نہیں ہو گی۔
یہ بھی یاد رہے کہ جدہ میں مکہ سے دنیا تک‘کے سلوگن کے تحت چار روزہ حج کانفرنس و نمائش کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز ہوگیا جو 12 نومبر تک جاری رہے گی۔
سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ’ 60 فیصد سے زیادہ حج معاہدوں کو حتمی شکل دے دی، باقی معاہدے حج سیزن سے چار ماہ قبل مکمل کرلیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا ’مقدس مقامات پر پچاس فیصد تیاریاں مکمل ہیں اور باقی ذی القعدہ کے آغاز تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ رہائش اور ہوٹلوں کا 70 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہوچکا ہے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ’ گزشتہ حج سیزن پچھلے پچاس برسوں میں بہترین تھا۔




