طلبہ کیلئے خوشخبری،چین نے بیچلرز، ایم ایس اور پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان کردیا

چائنیز اسکالرشپ کونسل نے تعلیمی سال 2026-2027کے لیے بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی طلباء کیلئے 75 مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چائنیز اسکالر شپ کونسل کی جانب سے یہ اقدام حکومتِ چین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اس پروگرام کے تحت سرکاری نامزدگی دینے والا ادارہ ہوگا اور اہل امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ کی ذمہ داری بھی اسی پر ہوگی۔

چائنیز اسکالرشپ کونسل کے تحت طلباء کو انڈرگریجویٹ، ماسٹرز، اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں مختلف مضامین میں حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائیگا۔ خیال رہے کہ تمام طلبہ کے لیے ایک سالہ چینی زبان کا تیاری کورس لازمی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:روس نے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا

ماسٹرز اور پی ایچ ڈی امیدواروں کے لیے چینی اور انگریزی دونوں زبانوں میں تدریسی پروگرامز دستیاب ہوں گے۔

چائنیز اسکالرشپ کونسل طلباء کو پورے پروگرام کے دوران مکمل مالی امداد فراہم کرے گی جس میں ٹیوشن فیس: میزبان یونیورسٹی کی جانب سے مکمل طور پر ادا کی جائے گی (جس میں تعلیم، انتظامیہ اور ہیلتھ انشورنس شامل ہیں)۔

مفت یونیورسٹی ہاسٹل یا رہائشی سہولت۔ ماہانہ وظیفہ: پالیسی کے مطابق، ڈگری لیول کے حساب سے فراہم کیا جائے گا۔

اہلیت کے معیار
درخواست گزاروں کیلئے پاکستانی یا آزاد جموں و کشمیر (AJK) کے شہری ہونا لازم ہے۔ دوہری شہریت رکھنے والے امیدوار اہل نہیں۔ صحت مند ہوں۔

آخری تاریخ تک ڈگری مکمل نہ کرنے والے امیدواروں کو شامل نہیں کیا جائے گا۔

چائنیز اسکالرشپ کونسل اور منتخب یونیورسٹی کی تمام اہلیت کی شرائط پوری کرنا لازمی ہے (تعلیمی کارکردگی، زبان کی اہلیت وغیرہ) کسی دوسرے اسکالرشپ کے حامل امیدوار اہل نہیں ہوں گے۔

بی ایس کے لیے USAT اور ایم ایس/پی ایچ ڈی کے لیے HAT ٹیسٹ کے درست اسکور جمع کروانا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل نے نوجوانوں کیلئے کیریئر اسکالرشپ پروگرام، مفت کورسز کا اعلان کردیا

میڈیکل، انجینئرنگ، قانون، آرکیٹیکچر یا ویٹرنری فیلڈز میں درخواست دینے والے امیدواروں کو متعلقہ پیشہ ورانہ کونسل سے منظوری (Accreditation) لازمی حاصل کرنا ہوگی۔ میڈیکل طلباء کو PMDC کی غیر ملکی داخلہ پالیسی پر عمل کرنا ہوگا۔

درخواست دہندگان کو دو الگ آن لائن درخواستیں جمع کرانا ہوں گی، ایکHEC پورٹل پر اور دوسری چائنیز اسکالرشپ کونسل پورٹل پرورنہ امیدوار نااہل قرار دیا جائے گا۔

درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ پیر، 5 جنوری 2026 شام 4:00 بجے (پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم) مقرر کی گئی ہے۔

مزید معلومات یا تکنیکی مدد کے لیے امیدوارHEC آن لائن ہیلپ پورٹل پر جا سکتے ہیں یا درج ذیل نمبروں پر رابطہ کر سکتے ہیں: 051-111-119-432 یا 0334-111-9432

Scroll to Top