غیر قانونی طور پر بیلاروس جانے کی کوشش، آزادکشمیر کے2نوجوان گرفتار

کراچی:ایف آئی اے نے کراچی ایئرپورٹ پر دو نوجوانو ں کی وزٹ ویزے کی آڑ میں غیرقانونی راستے سے بیلاروس جانے کی کوشش ناکام بنادی۔

ترجمان ایف آئی اے کےمطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی ایئرپورٹ نے وزٹ ویزے کی آڑ میں غیر قانونی راستے سے بیلاروس جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کیا۔

مسافروں میں محمد آکاش اور اسد رحمان شامل ہیں،جن کاتعلق کوٹلی آزادکشمیر سے ہے۔

مسافر خلیجی ملک کی ایئرلائن کی پرواز ایف زیڈ330کے ذریعے وزٹ ویزے پر آذربائیجان جارہےتھے، مسافر اسد رحمان کا پاسپورٹ ٹمپرڈ شدہ تھا اور پاسپورٹ سے ویزہ صفحات غائب تھے۔

مسافروں کے سامان سے جعلی پروٹیکٹرز اسٹمپس بھی برآمد کرلی گئی، مسافروں کے موبائل فون سے آذربائیجان کے جعلی ورک ویزے، پولیس سرٹیفکیٹ، پروٹیکٹر اور بینک ٹرانزیکشنز کی تصاویر بھی برآمد کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: بٹناڑہ احتجاج، پولیس کا انوکھا کارنامہ ، کئی سال سے بیرون ملک مقیم شہری کیخلاف ایف آئی آر درج

ترجمان ایف آئی اے کےمطابق مسافروں نےآذربائیجان سے بعد ازاں غیرقانونی طورپر بیلاروس جانا تھا۔

اس تناظر میں مسافروں نے ایجنٹ کو 14 لاکھ روپے فی کس بطور کیش اور بینک ٹرانزیکشن کے ذریعے ادا کئے۔

بعد ازاں مزید قانونی کارروائی کے لیے مسافروں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کیا گیا۔

یاد رہے کہ دو سال قبل یونان کشتی حادثے میں درجنوں پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے جن میں کوٹلی کھوئیرٹہ کے نوجوان بھی شامل تھے جس کے بعد غیرقانونی طور پربیرون ملک جانے پر سختی کی گئی تھی۔

حکومت کی طرف سے سختی کے باوجود نوجوان ایجنٹوں کے ذریعے لاکھوں روپے لگا کر بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہیں اور ایئرپورٹ پر پکڑے جاتے ہیں یا بیرون ملک پہنچ کر بھی انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 

Scroll to Top