اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)ترکیہ کی میزبانی اور قطر کی ثالثی میں پاک افغان امن مذاکرات کا تیسرا دور استنبول میں ہوا۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان استنبول میں جاری مذاکرات میں ڈیڈلاک ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے بیان میں کہا کہ استنبول مذاکرات میں ڈیڈلاک ہے تاہم پاکستان نے مذاکرات میں ثالثی پر ترکیے اور قطر کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ماسکو:روسی ہیلی کاپٹر گر کر ملبے کاڈھیر، 4 افراد ہلاک، 3 زخمی
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی پر قابو پانے کی ذمہ داری افغانستان پر عائد ہوتی ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان دوحہ امن معاہدے 2021 کے مطابق اپنے بین الاقوامی، علاقائی اور دوطرفہ وعدوں کی تکمیل میں اب تک ناکام رہا ہے
پاکستان اپنے عوام اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ جبکہ پاکستان افغان عوام سے خیر سگالی کا جذبہ رکھتا ہے اور ایک پر امن مستقبل کا خواہشمند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان طالبان حکومت کے ایسے اقدامات کی حمایت نہیں کرے گا جو افغان عوام یا پڑوسی ممالک کے مفاد میں نہ ہوں ۔
خیال رہے کہ ترکیہ کے شہر استنبول میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کے دوران مذاکرات کا تیسرا دور گزشتہ روز شروع ہوا تھا، جس میں پاکستان اور افغانستان کے اعلیٰ سطح کے عہدیدار شریک ہیں۔
ترکیے اور قطر کی ثالثی میں گزشتہ ماہ بھی دوحہ کے بعد استنبول میں مذاکرات ہوئے تھے اور اس دوران جنگ بندی جاری رکھنے پر اتفاق ہوا تھا۔




