مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ جموں کے شہداء نے اپنے خون سے الحاقِ پاکستان کی بنیاد رکھی،جن کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔۔
یہ تحریک خالصتاً مسلمانوں کی تحریک تھی جنہوں نے اپنے ایمان، غیرت اور آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
ڈوگرہ فورسز کے ظلم و جبر اور سازشوں کے نتیجے میں مسلمانوں کا قتل عام ایک طے شدہ منصوبے کے تحت بھمبر سے شروع ہوا جس میں ہزاروں خاندان نشانہ بنے
بیشتر مہاجر بن کر پاکستان منتقل ہوئے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے نے جموں کشمیر لبریشن سیل اور آل جموں ریفیوجیز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یومِ شہدائے جموں کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں میں ہونے والی منظم نسل کشی انسانی تاریخ کی بدترین مثال ہے، لاکھوں مسلمانوں کو بے دردی سے شہید کیا گیا۔
تاریخ کو زندہ رکھنا اور نئی نسل تک ان قربانیوں کو پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کی وحدت اور شناخت پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، کچھ عناصر اس خطے کی تاریخی حیثیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں مگر کشمیری عوام متحد ہیں۔
اقوامِ متحدہ اور عالمی طاقتوں کا دوہرا معیار قابلِ افسوس ہے، جو کشمیر میں جاری مظالم پر خاموش ہیں۔ بھارت نے ریاست پر جبری قبضہ کر کے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کی ۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ اسمبلی کی نئی عمارت میں شہدائے جموں کی یاد میں میوزیم قائم کیا جائے گا، تاکہ نوجوان نسل اپنی تاریخ سے واقف رہیں۔
سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ اقتدار ہماری منزل نہیں، بلکہ آزادی اور اپنی ریاست کی بحالی ہمارا مقصد ہے۔
تقریب سے سیکرٹری ماحولیات عامر محمود مرزا،سیکرٹری تعلیم قاضی عنایت،ڈائریکٹر لبریشن سیل ڈاکٹر راجہ سجاد خان،کمشنر مظفرآباد چوہدری گفتار احمد، وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اور جموں ریفیوجیز ویلفئیر ایسوسی ایشن سے چوہدری تنویر الحسن نے بھبی خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ ریاست کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مگر کشمیری عوام اپنی قربانیوں کو یاد رکھیں گے۔
مہاجرینِ جموں و کشمیر کو آئینی اور سیاسی تحفظ حاصل ہے، انہیں ریاستی ڈھانچے سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ کشمیر کی وحدت، خودمختاری اور شناخت کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر شہدائے جموں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:برطانوی چیف آف جنرل سٹاف کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات




