اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)نمل یونیورسٹی کے پی ایچ ڈی اسکالرز علامہ عبدالرحمٰن، محمد بلال حسین اور سید جواد حیدر نے سجادہ نشین درگاہ بساہاں شریف ، اقوام متحدہ میں پاکستان کونسل فار سوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس کے مستقل مندوب ،سابق ممبر اسمبلی پیر سید علی رضا بخاری سے ملاقات کی۔
اس نشست میں علمی، فکری اور سماجی موضوعات پر نہایت مفید گفتگو ہوئی، جس کا محور مسلم امّہ کے عصری چیلنجز، دینی و سماجی خدمت کے تقاضے اور عالمی سطح پر مسلم کمیونٹیز کے کردار سے متعلق اہم سوالات رہے۔
پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ کسی بھی ادارے اور تحریک کا مقصد صرف تعمیرِ افکار نہیں بلکہ تربیتِ کردار بھی ہوتا ہے۔
صوفی پیس فورم، رضا فاؤنڈیشن، ہیومن ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن، رضا اسلامیہ کالج، میٹوریو سکول سسٹم، جامعہ سیدہ فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا اور دیگر اداروں کا بنیادی نظریہ ہمیشہ یہی رہا ہے
کہ خدمتِ انسانیت کو اپنا شعار بناتے ہوئے اسلام کے اعلیٰ اخلاقی، روحانی اور تعلیمی اصولوں کے ذریعے انسان سازی کی جائے
تاکہ ایسی قیادت تیار ہو جو اپنے وطن، مذہب اور انسانیت کیلئے خیر و مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنے۔
گفتگو میں عالمی سطح پر مسلمانوں خصوصاً اقلیتوں کے حالات، ان کے مذہبی تشخص کے تحفظ اور پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کیلئے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
قومی بیانیہ “پیغامِ پاکستان” کی افادیت اور اس کے نتیجہ خیز اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔ پیر صاحب نے اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کی اصل طاقت اُن کے کردار، اتحاد، علم اور اخلاق میں ہے۔
بیرونِ ملک مسلم کمیونٹیز جب اپنے نظریاتی تشخص کو مضبوطی سے تھامتی ہیں تو نہ صرف وہ خود باوقار رہتی ہیں بلکہ اپنے دین اور وطن کا نام بھی روشن کرتی ہیں۔
پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ آج مسلم اقلیتیں اسلاموفوبیا، ثقافتی دباؤ اور میڈیا کے منفی پراپیگنڈہ جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہی ہیں،۔۔
جن کا حل علمی حکمت، اجتماعی شعور، بین الاقوامی سطح پر مؤثر آواز اور نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت میں پوشیدہ ہے۔
آخر میں پیر علی رضا بخاری نے نوجوان محققین کو نصیحت کی کہ ظاہری و باطنی علم کو عبادت سمجھ کر حاصل کریں، قوم اور انسانیت کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔۔
ہر میدان میں پاکستان و اسلام کی نمائندگی ذمہ داری، کردار اور وقار کے ساتھ کریں۔ انہوں نے کہ “علم کے ساتھ عمل و اخلاص، تحقیق کے ساتھ کردار اور قیادت کے ساتھ خدمت” ہی روشن مستقبل کی حقیقی کلید ہے۔
اللہ تعالیٰ اس تحقیقی سفر کو کامیاب فرمائے اور اسے امتِ مسلمہ اور وطنِ عزیز کے لیے خیر کا ذریعہ بنائے۔ آمین
مزید یہ بھی پڑھیں:ای مارکنگ پر اعتراضات :میرپور بورڈ کا ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان




