کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہنگامی مراسلے کے ذریعے متعلقہ افسران کو فوری ایکشن لینے کی ہدایت دی ہے ۔
مراسلے میں آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ روڈ پر چلنے والی تمام ایسی گاڑیوں کی نشاندہی کی جائے جو نمبر پلیٹ کے بغیر چل رہی ہوں اور ان کے خلاف موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت سخت کارروائی کی جائے ۔
ہدایت میں زور دیا گیا ہے کہ قانون پر مکمل عمل درآمد کے لیے کریک ڈاؤن فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کے اصولوں کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دل کی تکلیف ہونے پر طبی معائنہ، 2 اسٹنٹ ڈالے گئے
اس سلسلے میں آئی جی سندھ نے یہ بھی کہا کہ کتنی گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں، کتنے مقدمات درج ہوئے اور کتنی گرفتاریاں عمل میں آئیں، اس کی روزانہ بنیاد پر رپورٹ تیار کی جائے اور متعلقہ حکام کو ارسال کی جائے ۔
یہ مراسلہ صوبے کے تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور ایڈیشنل آئی جی کو بھیجا گیا ہے تاکہ کارروائی یکساں اور مؤثر ہو ۔
غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیاں نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ شہریوں کے لیے بھی خطرہ ہیں، اس لیے پولیس کو ہر صورت قانون پر سختی سے عمل کرنا ہوگا ۔
افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ کریک ڈاؤن کے دوران کسی بھی رعایت سے گریز کریں اور شہریوں کو قانون کی پابندی کی طرف راغب کریں ۔
اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا اور شہریوں کے تحفظ کو فروغ دینا ہے۔ توقع ہے کہ اس سخت کارروائی سے شہر میں بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کی تعداد میں کمی آئے گی اور ٹریفک کے نظام میں بھی بہتری آئے گی ۔




