آج سونے کی قیمت میں دوبارہ کمی،فی تولہ قیمت کیا ہے؟

عالمی ومقامی مارکیٹس میں آج سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی دیکھی گئی ہے۔مقامی مارکیٹ میں سونے کے فی تولہ نرخ میں 3 ہزار 300روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 30 ہزار 362 روپے ہو گئی ہے۔ دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 829روپے کی کمی ہوئی ہے اور اب یہ 3 لاکھ 68 ہزار 966 روپے پر آ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق مسلسل پانچ دن کی کمی کے بعد گزشتہ کاروباری دن سونے کی قیمت میں 1,800 روپے کا اضافہ ہوا تھا، لیکن آج دوبارہ مارکیٹ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ میں 33 ڈالر کی کمی دیکھی گئی، جس سے فی اونس سونا چار ہزار 80 ڈالر پر پہنچ گیا۔ اسی طرح چاندی کے نرخ میں بھی کمی دیکھی گئی، جس کے مطابق فی تولہ چاندی کی قیمت 27 روپے گھٹ کر 5 ہزار 97 روپے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ 18 اکتوبر کو سونے کی قیمت میں 10,600 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، تاہم اس سے پہلے سونے کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ بھی ہوا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ رجحان اگر برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ متوقع ہے۔ بین الاقوامی حالات، ڈالر کے نرخ اور طلب و رسد کے اتار چڑھاؤ کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

عالمی سطح پر سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکہ پہلے نمبر پر ہے، جبکہ ایشیا میں چین سب سے زیادہ ذخائر رکھتا ہے۔ بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اور ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر میں سرفہرست ہیں، اور ایشیا میں چین اور بھارت کے پاس سب سے زیادہ ذخائر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کاآئندہ 2 روز کے لیے مخصوص اوقات میں اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ

ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دوگنا کے برابر ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی اقتصادی حالات اور مرکزی بینکوں کی خریداری آئندہ بھی سونے کی قیمتوں پر اثر ڈالتی رہے گی۔

Scroll to Top