بنیان مرصوص کے بعدبھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہے، چوہدری لطیف اکبر

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) سپیکر قانون ساز اسمبلی ، سینئر پارلیمنٹرین چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی اور بھارت کی پسپائی نوشتہ دیوار ہے۔۔

جس قوم نے گردنیں کٹواکر اپنی آزادی کا بنیادی حق حاصل کرنے کیلئے نسل در نسل پرامن جدوجہد جاری رکھی ہو اس کو دنیا کی ساری قوتیں مل کر بھی محکوم نہیں رکھ سکتیں۔۔

معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے دوطرفہ کے بجائے عالمی تنازعہ قرار دیکر بھارت کے بیانیہ کو پائوں تلے روند دیا ۔

جس کی وجہ سے بھارتی ایوانوں میں لرزہ طاری ہو چکا ، جب تک اقوام متحدہ کے چارٹر ، سکیورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت نہیں مل جاتا تب تک عالمی امن کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے ، 8لاکھ قابض بھارتی افواج کی ریاستی دہشت گردی ، لاک ڈائون ، کرفیو کا نفاذ ، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ، کالے قوانین ، گھر گھر تلاشیاں ،حریت کانفرنس کے رہنمائوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات بھارت کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔۔

پاکستان اور افواج پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کی سیاسی ، اخلاقی ، سفارتی حمایت میں کوئی کمی نہیں آنے دی ۔۔

افواج پاکستان نے آزادی کشمیر کیلئے تین جنگیں لڑ کر ثابت کر دیا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے جسے کسی صورت جدا نہیں کیا جا سکتا ۔۔

بھارت دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کیلئے آئے روز جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دے کر اپنے عوام کو فریب دے رہا ہے ۔۔

حالانکہ آپریشن سندھور میں اس کی شکست فاش تاریخ عالم میں ایک الگ باب ہے ، باوجود اس کے وہ ڈھٹائی پر قائم رہتے ہوئے میں نہ مانوں کی رٹ لگا کر اشتعال پیدا کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتا ۔

پاکستان نے ہمیشہ امن آتشی ، مذاکرات اور باہمی گفت و شنید سے تمام اُمور حل کرنے کی رضامندی ظاہر کی مگر بھارت اپنی بنیاد پرست سوچ سے باہر نہیں نکل سکا۔۔

جو ایٹمی ممالک کے درمیان کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے ، حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر کے ایوانوں میں اجاگر کیا ۔۔

فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر نے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہر فورم پر ان کی بے باک وکالت کی ، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے ایک ہزار سال جنگ لڑنے کا قوم کو عزم دیا۔۔

بے نظیر بھٹو شہید نے حریت کانفرنس کو او آئی سی میں نمائندگی دلا کر قومی کشمیر کمیٹی کا قیام عمل میں لایا۔۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے غیر ملکی دوروںکے دوران جس جرات اور اہلیت سے پاکستان کی ترجمانی اور مسئلہ کشمیر کی سفارت کاری کی وہ اپنی مثال آپ ہے ۔۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، دہشتگردوں کی دراندازی ناکام بنادی،13دہشتگرد ہلاک

Scroll to Top