آزاد کشمیر میں آئندہ دس دنوں کے دوران موسم میں تبدیلی کا امکان

(کشمیر ڈیجیٹل) محکمۂ موسمیات نے آزاد کشمیر میں آئندہ دس دنوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور سردی میں اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ بلند مقامات پر درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

محکمہ کے مطابق 22 سے 26 اکتوبر کے دوران جزوی بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس کے بعد 27 سے 31 اکتوبر تک موسم نسبتاً صاف رہے گا تاہم رات کے وقت ٹھنڈ میں اضافہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ درجہ حرارت دن کے وقت 16 سے 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے، جبکہ رات کے وقت یہ 2 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق اکتوبر کے آخری ہفتے میں پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کے آثار بھی ظاہر ہو سکتے ہیں، جس سے سردی میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سردی کے پیشِ نظر گرم کپڑوں کا استعمال بڑھا دیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ موسمی اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔

دوسری جانب، ملک بھر میں رواں موسمِ سرما سے متعلق مختلف خبروں پر محکمہ موسمیات نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں “انتہائی سرد موسم” کی پیشگوئیاں بے بنیاد ہیں۔ ادارے کے مطابق دسمبر سے فروری کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشیں معمول کے مطابق یا معمول سے کچھ کم ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے واضح کیا کہ پنجاب اور سندھ میں سردی معمول سے کچھ کم جبکہ شمالی علاقوں میں برفباری معمول سے کم ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق رواں برس مجموعی طور پر ملک میں ہلکی یا معتدل سردی متوقع ہے، اور کسی بھی خطے میں غیر معمولی یا کڑاکے دار سردی کے امکانات نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے78ویں یومِ تاسیس کی تیاریاں مکمل

ادارے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم سے متعلق معلومات کے لیے صرف مصدقہ ذرائع پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا یا غیر سائنسی خبروں سے گریز کریں تاکہ بلاوجہ تشویش نہ پھیلے۔ محکمہ موسمیات کی وضاحت کے مطابق پاکستان میں رواں سال موسمِ سرما عام حالات کے مطابق رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں معمولی برفباری اور درجہ حرارت میں کمی قدرتی موسمی عمل کا حصہ ہے۔

Scroll to Top