استنبول:ترکیہ کا فکری ادارہ ایسام جلد ہی جنوبی ایشیا کے دیرینہ تنازعہ کشمیر پر عالمی کانفرنس کی میزبانی کریگا۔
ایسام کے نئے چیئرمین ڈاکٹر ابراہیم ارتان نے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو میں بتایا کہ مجوزہ کانفرنس میں دنیا کے مختلف خطوں کے ماہرین اور کشمیری رہنما شرکت کریں گے ۔
عبدالرشید ترابی نے ترکیہ کی اسلامی تحریک کے رہنما، پروفیسر ڈاکٹر نجم الدین اربکان کے دست راست، سابق وزیر داخلہ ترکیہ سعادت پارٹی کے سابق صدر اور ایسام (ESAM) کے سربراہ رجائے کوتان مرحوم کی یاد میں کانفرنس میں شرکت کی۔
اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ رجائے کوتان مرحوم نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے اجتماعی مسائل اور بالخصوص مسئلہ کشمیر کی ترجمانی عالمی سطح پر کی۔ کانفرنس میں عبدالرشید ترابی کو استاد یلماز کی خصوصی دعوت پر شرکت اور خطاب کا موقع ملا۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ میں کشمیریوں کی حمایت کو فروغ دیا جائیگا،ڈاکٹر فاتح اربکان کا اعلان
عبدالرشید ترابی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رجائے کوتان مرحوم نے ہمیشہ کشمیر، فلسطین اور امت مسلمہ کے دیگر مظلوم خطوں کے لیے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔
زلزلہ کے موقع پر وہ سعادت پارٹی کیپوری قیادت اور این جی اوز کے ہمراہ آزاد کشمیر کے دورے پر آئے اور کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کامظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم قاضی حسین احمد اور پروفیسر خورشید احمد کے ذاتی دوستوں میں سےتھے اور ان کی علمی و تحریکی خدمات کے معترف بھی تھے۔
ایسام کے پلیٹ فارم سے وہ ہمیشہ پاکستان و کشمیر کے لیے آواز بلند کرتے رہے اور ہمیں بین الاقوامی کانفرنسوں میں ترجمانی کے مواقع فراہم کئے۔
کانفرنس سے ترک پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر اسماعیل قہرمان اور دیگر ارکانِ پارلیمنٹ نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے رجائے کوتان مرحوم کو استاذ اربکان کا مخلص حواری قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلامی سیاست اور تہذیب کے احیا کے لیے زندگی وقف کی۔
اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے ایسام کے نئے چیئرمین ڈاکٹر ابراہیم ارتان، سابق اسپیکر اور ایل دانش سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں انہوں نے کشمیر کی تازہ ترین صورتِ حال اور بھارتی عزائم سے آگاہ کیا۔
ترک قیادت نے کشمیر کے مسئلے پرموثر بین الاقوامی حمایت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ایسام حسبِ سابق کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔
عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ترکی کے عوام اور قیادت نے ہمیشہ کشمیر کے ساتھ محبت اور وفاداری کا ثبوت دیا ہے، اور امید ہے کہ یہ رشتہ مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔




