راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مہاجرین مقیم پاکستان کو دوہرے ووٹ کا حق مجاہد اول نے جنرل یحییٰ خان سے لیکر دیا۔
مہاجرین جموں وکشمیر کلمہ طیبہ کی بنیاد پر بننے والے ملک پاکستان کی محبت میں اپنے گھر بار اور خاندانوں کی قربانیاں دے کر یہاں آئے۔ مسلم کانفرنس مہاجرین کے حقوق کیلئے روز اول سے اپنے موقف پر قا ئم ہے۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار مجاہد منزل میں وزراء حکومت عبدالماجد خان،چوہدری اکبر ابراہیم اور چوہدری اکمل سرگالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
صدر مسلم کانفرنس نے کہا کہ پاکستان میں مقیم مہاجرین کو بے پناہ مسائل درپیش ہیں۔مسلم کانفرنس نے اپنے حکومتی ادوار میں مہاجرین کی آبادی کاری سمیت کئی دیگر مسائل حل کئے۔ اس کے علاوہ آزادکشمیر کی تازہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
اس سے قبل مختلف وفد سے ملاقات میں صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے دوحہ مذاکرات کا کامیاب ہونا اور پاکستان و افغانستان میں جنگ بندی پر اتفاق ایک مثبت اور تاریخی پیشرفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف خطے میں امن کے امکانات روشن ہوئے ہیں بلکہ پاکستان کے استحکام اور خطے کی ترقی کے دروازے بھی کھل سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کے قیام اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل کی حمایت کی ہے، اور دوحہ مذاکرات اس پالیسی کی کامیاب مثال ہیں۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس نے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیر کے سیاسی و نظریاتی محاذ پر قیادت کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت کے کارکنان کو چاہیے کہ وہ عوامی رابطہ بڑھائیں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے پیغام کو عالمی فورمز تک پہنچانے میں کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کے ساتھ الحاق کے نظریے پر قائم ہیں
مسلم کانفرنس اس نظریے کی محافظ جماعت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ‘‘جب خطے میں امن قائم ہو گا تو یہی امن کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ حل کی راہ ہموار کرے گا۔ لہٰذا عالمی قوتوں کو چاہیے کہ وہ نہ صرف افغانستان بلکہ کشمیر میں بھی انسانی حقوق کی بحالی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:برطانوی نشریاتی ادارے کا آزادکشمیر یونیورسٹی کےطلباء کو پیڈ انٹرن شپ دینےکا اعلان




