مظفر آباد: وزیر سپورٹس یوتھ و کلچر عاصم شریف بٹ نے بھی استعفیٰ دے دیا جس کے بعد مستعفی ہونے والے وزرا کی تعداد چار ہو گئی ہے۔
ایل اے42 وادی 3 سے منتخب ہونیوالے عاصم شریف بٹ نے اپنے استعفے میں لکھا کہ بطور وزیر حالیہ ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور حکومتی ٹیم کے احتجاج کے بعد غیر قانونی اور غیر آئینی معاہدہ کی وجہ سے مہاجرین مقیم پاکستان کو شدید رنج پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ کے عوام کا ریاستی حکومت سے اتحاد مکمل ختم ہوگیا ہے، ایکشن کمیٹی سے ہونیوالامعاہدہ قانون کے منافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے دو وزراء عبدالماجد خان ، اکبر ابراہیم مستعفی، استعفے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ارسال
یہ معاہدہ ایسے فریقین کے درمیان ہوا ہے جن میں ایک فریق ایکشن کمیٹی غیر رجسٹرڈ تنظیم ہے جس کیساتھ معاہدہ خلاف قانون ہے اور اس غیر قانونی اقدام سے مہاجرین مقیم پاکستان کے حقوق پر شب خون مارا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی وزارت کے قلمدان سے مستعفی ہوتا ہوں اور موجودہ حکومت پر اعتماد کا اظہار نہیں کرتا ہوں ۔
یاد رہے کہ عاصم شریف بٹ سے قبل وزیراطلاعات پیر مظہر سعید، وزیر خزانہ ماجد خان، وزیر خوراک اکبر ابرہیم بھی مستعفی ہو چکے ہیں،چند دنوں میں مزید استعفے بھی متوقع ہیں۔





