پنجاب میں مذہبی جماعت کے احتجاج اور مارچ کے باعث بند ہونے والی سڑکیں اب کھل گئی ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے جبکہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس سروس مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس کا پہلا فیز صدر سے کشمیر ہائی وے تک بحال کیا گیا ہے، تاہم فیض احمد فیض اسٹیشن سے پاک سیکریٹریٹ تک سروس تاحال بند ہے۔ یہ معطلی مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث چار روز تک جاری رہی۔ میٹرو حکام کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر بس سروس عارضی طور پر بند کی گئی تھی۔
ادھر لاہور میں اورنج لائن ٹرین پانچ روز بند رہنے کے بعد دوبارہ چلنا شروع ہو گئی ہے، جبکہ لاہور میٹرو بس سروس بھی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پیادہ راستوں کی بندش کے باعث یہ خدمات عارضی طور پر معطل تھیں۔
اسلام آباد انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ تمام تعلیمی ادارے اور دفاتر منگل کے روز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔
مذہبی جماعت کی قیادت پر مقدمہ درج:
دوسری جانب مریدکے میں مذہبی جماعت کے خلاف پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تھانہ مریدکے سٹی میں درج ایف آئی آر میں دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل، اغوا اور ڈکیتی سمیت 32 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف کارروائی جاری ہے اور گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی ایس پی حویلی کا پولیس خدمت مرکزکا اچانک دورہ،شہریوں کاعملےکی کارکردگی پر اطمینان




