اسلام آباد، راولپنڈی کے کچھ راستے کھل گئے، موبائل انٹرنیٹ جزوی بحال

اسلام آباد : مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بند کی گئی سڑکوں میں سے بعض کو کھول دیا گیا ہے۔

نجی نیوز چینل کے مطابق احتجاج کے باعث دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کی مختلف شاہراہوں پر تاحال کنٹینرز موجود ہیں، تاہم عوامی مشکلات کے پیش نظر جڑواں شہروں کی کچھ اہم سڑکوں کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں اندرونِ شہر رہائشی علاقوں کو جانے والے راستے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں جبکہ مری روڈ سے ملحقہ علاقوں کی گلیوں سے رکاوٹیں بھی ہٹا دی گئی ہیں۔

اسلام آباد ایکسپریس وے اور نائنتھ ایونیو سے ڈبل روڈ کو ملانے والا راستہ بھی جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے، تاہم آئی جی پی روڈ اور اسلام آباد و راولپنڈی کو ملانے والا فیض آباد انٹرچینج تاحال بند ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق ایم 2 موٹروے لاہور تا اسلام آباد ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے اور آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد، راولپنڈی کے راستے تیسرے روز بھی بند، شہری پریشان

ٹریفک پولیس نے نیا پلان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی کے 43 مقامات میں سے 6 مکمل اور 35 مقامات کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس اور لوکل ٹرانسپورٹ اب بھی بند ہے جس کے باعث ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا رش بڑھ گیا ہے۔

Scroll to Top