پشاور(کشمیرڈیجیٹل)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے اپنا تحریری استعفیٰ باضابطہ طور پر گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوا دیا ہے۔
استعفیٰ میں علی امین گنڈاپور نے اپنے دور حکومت کی تفصیلات اور چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ جب انہوں نے صوبے کا انتظام سنبھالا تو خیبرپختونخوا کو بیک وقت مالی بحران اور دہشت گردی جیسے بڑے مسائل کا سامنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران عمران خان کی رہنمائی، کابینہ، پارٹی کارکنان، بیوروکریسی اور اسمبلی اراکین کے تعاون سے صوبے کو مالی استحکام کی راہ پر گامزن کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایسے وقت میں صوبے میں ترقیاتی منصوبے شروع کئے جب یہ علاقہ جنگ زدہ تصور کیا جاتا تھا، لیکن ہم نے تمام تر مشکلات کے باوجود عوامی خدمت کا سفر جاری رکھا۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے استعفے میں کہا کہ وہ یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ تمام مسائل کا مکمل حل نکالالیکن خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت پوری دیانتداری اور خلوص سے کی، اور ہمیشہ پاکستان کے مفاد کو مقدم رکھا۔
انہوں نے مشکل حالات میں بھرپور ساتھ دینے پر اپنی کابینہ، بیوروکریسی اور پارٹی ساتھیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا مستعفیٰ ہونےکا اعلان




