اسلام آباد :مسلم لیگ ن آزادکشمیر کی قیادت نے دوسرے روز بھی اسلام آباد میں مرکزی رہنمائوں سے اہم ملاقات کی اوراہم اقدامات کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل پروفیسر احسن اقبال کے دفتر میں پاکستان مسلم لیگ ن آزادجموں کشمیر کی وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بنائی گئی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان کے مشیر سیاسی امور رانا ثنااللہ بھی شریک ہوئے جبکہ وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے جنیوا سے ویڈیو لنک پر شرکت کی ۔
آزاد جموں کشمیر سے پارٹی کے صدر شاہ غلام قادر ، سینئر نائب صدر مشتاق منہاس ،سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق ، ڈاکٹر نجیب نقی اور بیرسٹر افتخار گیلانی نے شرکت کی ۔
اجلاس میں آزاد جموں کشمیر کی موجودہ آئینی ، انتظامی اور سیاسی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔
یہ بھی پڑھیں: راناثنااللہ سے ن لیگ آزادکشمیر کے وفد کی اہم ملاقات،سیاسی حکمت عملی طے
وفاقی وزرا نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ کیے گئے کامیاب مذاکرات اور معاہدہ کے بارے میں آزادکشمیر کی قیادت کو اعتماد میں لیا اور اس معاہدہ پر عمل درآمد کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت کابھی جائزہ لیا ۔
اجلاس نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بروقت وفاقی وزرا کی کمیٹی کے ذریعے مذاکرات کا عمل شروع کروا کرآزادکشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کے سیاسی اور انتظامی تعلق کو مضبوط کیا وہاں پاکستان دشمن عناصر کو واضح پیغام دیا کہ جموں کشمیر کے عوام کیساتھ پاکستان کے نظریاتی اور سیاسی تعلق کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنے دیا جائیگا ۔
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں کے پاکستان کے ساتھ تعلق کو دنیا کی کوئی طاقت نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوگی ۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں امن کی بحالی جمہوریت اور عوام کی کامیابی ہے : احسن اقبال
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم پاکستان کی بیرون ملک دورے سے واپسی پر اب تک کی پیشرفت اور دیگر امور کے بارے میں انہیں آگاہ کیا جائے گا اور مزید ضروری اقدام اٹھائے جائیں گے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ن لیگ آزادکشمیر کی قیادت نے مشیر وزیراعظم راناثنااللہ سےملاقات کی تھی جس میں آزادکشمیر حکومت کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا،ذرائع کے مطابق آئندہ ایک دودنوں میں ن لیگ حکومت میں رہنے کا علیحدگی کا فیصلہ کریگی۔




