وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی پمز ہسپتال پہنچ گئے، زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت ،عزم کو سراہا

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور آزاد کشمیر میں حالیہ بدامنی کے دوران زخمی ہونے والے اسلام آباد پولیس اور آزاد کشمیر پولیس کے اہلکاروں کی عیادت کی۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ انفرادی طور پر ہر زخمی اہلکار کے پاس گئے، ان کا حال پوچھا اور ان کی ہمت اور عزم کو سراہا۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی امداد اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے پولیس افسران کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جنہوں نے پرتشدد عناصر کا سامنا کرنے کے باوجود اپنے فرائض صبر، تحمل اور غیر معمولی حوصلے کے ساتھ ادا کئے۔

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ آپ سب نے غیر معمولی عزم اور بہادری سے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، اشتعال انگیزیوں کے باوجود آپ نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔

آپ پاکستان کے بہادر بیٹے ہیں اور پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کے چیف کمشنر اور انسپکٹر جنرل کو مزید ہدایت کی کہ وہ آزاد کشمیر پولیس کے زخمی اہلکاروں کا خصوصی خیال رکھیں۔

انہوں نے ذاتی طور پر بھی افسران کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں حکومت کے تعاون کا یقین دلایا۔امن و امان برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے لیکن کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر شرپسند دشمن قوتوں کی ہدایت پر آزاد کشمیر میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ متحد ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت آزاد کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔

وزیر کے دورے کے موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد پولیس کے 31 اور آزاد کشمیر پولیس کے 12 اہلکار اس وقت پمز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین مذاکرات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی

Scroll to Top