ملک بھر میں 4 اکتوبر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

کشمیر سمیت ملک بھر میں 4 اکتوبر سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 4 اکتوبر کو بارشوں کا ایک اسپیل پاکستان میں داخل ہوگا جو 7 اکتوبر تک جاری رہ سکتا ہے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات لاہور عبدالعزیز کے مطابق اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔

یہ بارشیں پری موسمِ سرما کی بارشیں ہوں گی، جو درجہ حرارت میں کمی اور موسم کو خوشگوار بنانے کا باعث بنیں گی۔ ان بارشوں کے نتیجے میں زیادہ تر علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی ٹھنڈک بھی محسوس کی جائے گی۔

ادھر کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں بارش کا سلسلہ پہلے ہی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی گجرات سے کم دباؤ کا سسٹم بحیرہ عرب میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث کراچی، حیدرآباد، تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ سمیت مختلف اضلاع میں بارش برس رہی ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ 33 ملی میٹر بارش ایئرپورٹ کے اطراف ریکارڈ کی گئی، جبکہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت اور پاکستان ویمنز ورلڈ کپ میں اتوار کو آمنے سامنے

Scroll to Top