وزیر قانون میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ کا راولاکوٹ کنونشن کے بارے میں بیان

(کشمیر ڈیجیٹل) وادی نیلم کے ضلعی ہیڈکوارٹر آٹھمقام میں کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر قانون میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ روز کوٹلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کا کارکن کنونشن ہوا تھا جس میں پارٹی کی پوری قیادت شریک تھی اور پاکستان سے   راجہ پرویز اشرف بھی تشریف لائے تھے۔ اسی تسلسل میں آج تمام جماعتیں بشمول پیپلز پارٹی راولاکوٹ میں ’’پاکستان زندہ باد کنونشن‘‘ کے لیے جمع ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود کنونشن میں شرکت کے خواہش مند تھے لیکن بدقسمتی سے شامل نہ ہو سکے۔ تاہم انہوں نے دعا کی کہ یہ کنونشن کامیاب ہو اور امید ظاہر کی کہ یہ جلسہ تاریخی ثابت ہو گا۔

میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ کشمیری عوام کا تعلق عقیدت اور نظریے کا ہے۔ یہ رشتہ ہمارے سیاسی نظریات اور دریاؤں کے رُخ کی طرح پاکستان کی جانب ہے۔ پاکستان ہمارا سب کچھ ہے۔ اس رشتے کو کمزور کرنے کے لیے اندرونی اور بیرونی منفی طاقتیں اپنے اپنے وقت پر وسائل استعمال کرتی رہتی ہیں، لیکن پاکستان کو قبلہ ماننے والے اور مرکزِ نگاہ قرار دینے والے لوگ ہمیشہ پاکستان سے تجدیدِ وفا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: راجہ فاروق حیدر کا دھیَرکوٹ بازار میں خطاب، راولاکوٹ جلسہ سے قبل یکجہتی کا پیغام

انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے کشمیر کو شہِ رگ قرار دیا تھا، اس لیے ہمیں اپنی نسلوں کو یہ پیغام دینا ہے۔ اسی مقصد کے تحت ہم نے کوشش کی ہے کہ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے بلند کیے جائیں۔ موجودہ حالات پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ ایسے اقدامات مسلسل کیے جاتے رہیں۔