راولاکوٹ :سردارظفر نذیر سے: چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ نے پونچھ ڈویژن جوڈیشل کمپلیکس راولاکوٹ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے کیس فلو منیجمنٹ سسٹم اوررجسٹریشن آف ڈیڈز اینڈ مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس صداقت حسین راجہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عدلیہ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ قلیل مدت اور محدود بجٹ کے ساتھ رجسٹریشن اور کمپیوٹرائزیشن کو ممکن بنایا ہے،آزاد کشمیر کی عدلیہ کو مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ کریں گے۔ اس منصوبے سے رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت آئے گی اور غلطی کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔
اسی طرح زیر التوا کیسز بھی بروقت یکسو ہوں گے انہوں نے کہا کہ چند ماہ کے اندر اندر ضلعی سطح پر کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن کیلئے دفاتر قائم کر دئیے جائیں گے ، اس موقع پر چیف جسٹس نے آٹو میٹڈ ڈیڈز رجسٹریشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کا بٹن دبا کر افتتاح کیا جس کے بعد شہریوں نے سینیئر سول جج راولاکوٹ عثمان حیدر کے پاس اپنی رجسٹریشن کا اندراج کرایا۔
ویب پورٹل پر چالان فارم اپلوڈ کرائے، زمین فروخت کرنے والے، مشتری اور گواہان کا اندراج اور ان کی بائیو میٹرک کی تصدیق کی گئی اور منصوبہ کے تحت پہلی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا گیا۔
