موٹرسائیکل پر آنیوالا دولہا فرنٹ سیٹ پرسپیکر پیچھے،چوہدری لطیف اکبر نے مثال قائم کردی

اسلام آباد( عامر ہاشمی سے)سپیکر آزادکشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے حلقہ میں شمولیتی تقریب کے دوران سفید پوش دولہے کو پروٹوکول دے کر مثال قائم کردی ۔

تفصیلات کے مطابق سپیکر آزادکشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر اتوار کے روز اپنے حلقہ کھاوڑہ کے علاقہ رحیم کوٹ میں ایک شمولیتی تقریب کیلئے جا رہے تھے تو انہیں موٹرسائیکل پر سوار دولہا نظر آیا جو سفید پوشی کے باعث موٹرسائیکل پر دلہن لینے جا رہاتھا جس پر سپیکر نے اپنا قافلہ روک لیا۔

دولہے کا تعلق حلقہ کھاوڑہ کے ہی علاقہ میراسرو سے بتایا جا رہا ہے،سپیکر نے دولہے کو اپنی گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بٹھایا، خود پیچھے بیٹھ گئےاور دولہے کو بارات والے گھر میں جا کر چھوڑا۔

یہ بھی پڑھیں: سپیکر چوہدری لطیف اکبر گھوڑے سے گر کر زخمی

ذرائع کے مطابق سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے دولہے اور دلہن کو سلامی دی ، اپنے گاڑی سمیت قافلے کی 2گاڑیاں بھی بارات کیلئے دیں اور شمولیتی تقریب کیلئے روانہ ہو گئے ، سپیکر کےا س اقدام کو بھرپورسراہا جا رہا ہے۔

سپیکر چوہدری لطیف اکبر اور دولہے کی گاڑی پر بیٹھے ہوئے ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے جس پر فرنٹ سیٹ پر بیٹھا دولہا مسکرا رہا ہے جبکہ سپیکر لطیف اکبر پیچھے بیٹھے ہوئے ہیں ،سوشل میڈیا صارفین نے سپیکر کے اقدام کو سراہا ہے کہ پروٹوکول ہوتے بھی انہوں نے ایک غریب کا خیال رکھا اورا سے عزت دی۔

 

 

Scroll to Top