اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنونیئر غلام محمد صفی کی سربراہی میں کشمیری وفد جنیوا روانہ ہوگیا ہے۔
وفد اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ آر سی) کے 60ویں اجلاس میں شرکت کرے گا وفد کے دیگر ارکان میں الطاف حسین وانی، ایڈوکیٹ پرویز شاہ، شمیم شال، سردار امجد یوسف خان، پروفیسر شگفتہ اشرف اور ڈاکٹر راجہ سجاد لطیف شامل ہیں۔
وفد جنیوا میں اپنے ایک ہفتہ طویل قیام کے دوران اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں شرکت کے علاوہ یو این ہائی کمشنر برائے مہاجرین، خصوصی نمائندوں، سفارت کاروں اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں سے اہم ملاقاتیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: جنیوا، کشمیری وفد کا اقوام متحدہ دفتر کے باہراحتجاجی کیمپ،بھارتی مظالم بے نقاب کئے
دورے کا بنیادی مقصد بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بالخصوص ماورائے عدالت قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات، غیر قانونی نظر بندیوں، املاک پر قبضے، کشمیری مسلم سرکاری ملازمین کی معطلی،سیاسی اختلاف رائے اور میڈیا کی آزادی پر پابندی، تعلیم کے حق اور کشمیریوں مسلمانوں کے مذہبی حقوق کی خلاف ورزی جیسے معاملات کی طرف عالمی برادری کی توجہ مرکوزکرانا ہے۔
وفد دنیاکی توجہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کے مذموم بھارتی منصوبے کی طرف بھی دلائے گا ۔