خیبرپختونخوا اسمبلی : 15 ملازمین کی ڈگریاں جعلی ہونے کا انکشاف

پشاور(کشمیر ڈیجیٹل)پختون ڈیجیٹل کےمطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے مجموعی 804 ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے اور ذرائع کے مطابق اب تک ہونے والے تصدیق کے عمل میں 15 ملازمین کی ڈگریاں جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔

اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق ان 15 ملازمین کو شوکاز نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں اور ان سے اس حوالے سے جواب طلب کرلیا گیاہے۔

ذرائع کے مطابق یہ ملازمین گریڈ 14 سے لیکر18 میں تعینات ہیں اور ان میں ایک ملازم ریٹائرڈ بھی ہوچکاہے ۔

ذرائع نے مذید بتایا کہ یہ ملازمین اے این پی اور پاکستان تحریک انصاف کے پرویزخٹک اور محمود خان کے دور حکومت میں بھرتی کئے گئے ہیں۔

سپیکر بابرسلیم سواتی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق اور جانچ پڑتال کے احکامات جاری کئے تھےجس کے بعداپریل کے مہینے میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے ملازمین کی ڈگریوں کی باضابطہ تصدیق کا عمل شروع کردیا گیا ۔

اسی سلسلے میں اپریل کے مہینے میں اسمبلی میں گرینڈ اجلاس کا انعقاد ہوا تھا جس میں صوبے کی تمام جامعات و بورڈز سربراہان کو مدعو کیا گیا اور اجلاس کے موقع پر اسناد براہ راست متعلقہ جامعات اور بورڈز سربراہان کے حوالے کردی گئیں تھی ۔

اس حوالے سے سپیکر بابر سلیم کا کہنا تھا کہ تمام سربراہان کو براہ راست اسناد دینے کا مقصد اس عمل کی شفافیت کو یقینی بنانا ہے،ڈگری تصدیق کا عمل تعلیمی اداروں کے سربراہان کی نگرانی میں شفاف طریقے سے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جعلسازی اور بیک ڈور ڈیلز کی مکمل روک تھام کی جائے گی جبکہ جعلی ڈگری رکھنے والوں کی نشاندہی کر کے کارروائی کی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مون سون کا نواں اسپیل، مزید 48 گھنٹے اہم، تیز بارشوں کا امکان ، محکمہ موسمیات کا انتباہ

Scroll to Top