اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی حکومت کا ملک بھر کی موٹرویز میں بڑی تبدیلی لانے کا فیصلہ سامنے آگیا ۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو تمام موٹرویز بیریئر فری بنانے کی ہدایت کردی
اسلام آباد میں این ایچ اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے اعلان کیا کہ موٹرویز کی نگرانی کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید نظام سب سے پہلے M-1 اور M-2 پر متعارف کرایا جائے گا۔
اس سسٹم کے تحت کمپیوٹرائزڈ کیمروں کی مدد سے قوانین کی خلاف ورزی جیسے اوور اسپیڈنگ کو مانیٹر کیا جائے گا اور گاڑی کے مالک کو فوری طور پر ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موٹروے پولیس کا گاڑیوں کے آگے آ کر رفتار کم کروانے کا طریقہ کار خطرناک ہے اور اسے فوری بند کیا جانا چاہیے۔
اس عمل کی جگہ ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کر مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔وزیر موصلات نے ٹول ٹیکس کی وصولی، نیلامی کے نظام، اور شاہراہوں پر تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اصلاحات کا عندیہ دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ٹول پلازہ کے ٹھیکے مکمل شفافیت کے ساتھ دیے جائیں اور تمام ریونیو کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کیا جائے تاکہ بدعنوانی کا خاتمہ ممکن ہو۔
زمین کے استعمال سے متعلق این او سی فیس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اسے شہروں کے حجم اور کاروباری نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے معقول حد میں رکھا جائے۔
مزید برآں، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ شاہراہوں کے اطراف میں شجرکاری میں اضافہ کیا جائے اور اس کام میں نجی اداروں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ماحولیات پر مثبت اور دیرپا اثرات مرتب ہوں۔
مزید یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ بار میں نئے کمپیوٹرز نصب، جسٹس خواجہ نسیم نے افتتاح کردیا




